کھلی کچہریوں کے فیصلوں پر ہر صورت عملدرآمد ہوگا، ہر محکمہ تحریری طور پر دی گئی ڈیڈلائن میں مسائل حل کرنے کا پابندہو گا، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ

جمعہ 12 جولائی 2019 17:57

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2019ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ مطیع اللهخان نے کہا ہے کہ کھلی کچہریوں کے فیصلوں پر ہر صورت عملدرآمد ہوگااور ہر محکمہ تحریری طور پر دیئے گئے ڈیڈلائن میں مسائل حل کرنے کا پابندہو گا ۔مقررہ وقت میں عملدرآمد نہ کرنے والوں سے نہ صرف بازپرس ہوگی بلکہ متعلقہ افسروں واہلکاروں کے خلاف کاروائی بھی کی جائے گی۔

وہ جمعہ کے روزتحصیل سینی گمبٹ میں کھلی کچہری کے انعقاد کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کررہے تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرکوہاٹ فرقان اشرف ،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرطاہرعلی ،ایس پی آپریشن اور ڈسٹرکٹ کونسلرساجداقبال ، منتخب نمائندوں،سرکاری محکموں کے سربراہوں اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔کھلی کچہری میں خواتین بھی شریک ہوئیں اور اپنے مسائل پیش کئے۔

(جاری ہے)

شرکاء نے علاقے کے اجتماعی اور انفرادی مسائل کی تفصیل سے نشاندہی کی۔ عوام کے اہم مطالبات میں واٹر سپلائی سکیم، شفاخانہ حیوانات کی بحالی ،گیس کی فراہمی،دیہی مرکز صحت میںطبی سہولیات کی فراہمی اور خواتین دستکاری/سلائی سنٹرز کا قیام شامل تھے جنہیںجلد از جلد پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے سرکاری دفاتر موجود ہیں لیکن ہرایک کودفاتر تک رسائی ممکن نہیں اس لئے حکومت خیبرپختونخو اکی ہدایت پر دوردراز علاقوں میں کھلی کچہریوںکا انعقاد کیا جاتا ہے تا کہ عوام کو دفاتر کے چکروں سے نجات دلاکر ان کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوں ۔

انہوں نے یقین دلایا کہ پیش کردہ تمام مسائل منتخب عوامی نمائندوں کے تعاون سے حل کرنے کی بھر پور کوشش کریںگے۔ مطیع اللہ خان نے کہاکہ ہنر مند خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے محکمہ سماجی بہبود کی مشاورت سے قابل عمل لائحہ تیار کیاجائے گااور کوشش کریں گے کہ دوردراز علاقوں میںزیادہ سے زیادہ دستکاری/سلائی مراکز قائم کریں۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں