کوہاٹ: ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کردیا

جمعہ 23 اگست 2019 22:15

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2019ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ مطیع اللہ خان نے یونین کونسل بہادرکوٹ میں خانزادہ شیراز خان کے حجرے میں بچوں کو پولیوکے قطرے پلاکر26 اگست سے شروع ہونے والے پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ شاہ نواز خان ،ڈی ایچ او کوہاٹ ڈاکٹر مشرف خان ،یونیسیف اوردیگر متعلقہ اداروں کے حکام موجود تھے ۔

اس موقع پرعلاقے کے لوگوں کے لئے پولیو سے متعلق آگہی سیمینار کا بھی اہتمام کیاگیا جس میں لوگوں کو پولیو کے قطروں کی اہمیت وافادیت کے بارے میں تفصیلاً بتایا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کا اس موقع پر کہناتھا کہ پوری دنیا سے پولیو کے موذی مرض کاخاتمہ ہوچکاہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان ان 3 ممالک میں شامل ہے جہاں آج بھی یہ وائرس موجود ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بعض ملک دشمن عناصر پولیو قطروں کے خلاف منفی پروپیگنڈ ہ کررہے ہیں جس میں کوئی حقیقت نہیں ہے بلکہ یہ قطرے پولیو کے مرض کی بیخ کنی کیلئے انتہائی اہم ہیںلہٰذا والدین بلاخوف وخطراپنے بچوں کو ضرورانسداد پولیو کے قطرے پلوائیں اور انہیں عمر بھر کیلئے اپاہج ہونے سے بچائیں ۔ مطیع اللہ خان نے کہا کہ 26 ستمبر سے شروع ہونے والے پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنارکرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے اس لئے ہم سب کو اس کی کامیابی میں اپنے حصے کا کردار اداکرنا چاہئے ۔انہوںنے پولیو ورکرز کو ہدایت کی کہ وہ 5 سال سے کم عمر کے ہربچے تک رسائی یقینی بنائیں اور نئی نسل کو پولیو سے بچائیں۔ انہوںنے واضح کیا کہ پولیو مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں