کوہاٹ میں پولیس تھانہ کے اندر زیر حراست مبینہ ملزم کی پراسرار ہلاکت معمہ بن گئی

شدید عوامی رد عمل کے نتیجے میں غفلت کے مرتکب اے ایس آئی سمت دو پولیس اہکاروں کو معطل کرکے واقعہ کی تحقیقات کے لئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی

اتوار 25 اگست 2019 14:20

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2019ء) کوہاٹ میں پولیس تھانہ کے اندر زیر حراست مبینہ ملزم کی پراسرار ہلاکت کا معاملہ، شدید عوامی رد عمل کے نتیجے میں غفلت کے مرتکب اے ایس آئی سمت دو پولیس اہکاروں کو معطل کرکے واقعہ کی تحقیقات کے لئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی جبکہ متوفی کے لواحقین نے لاش کچہری چوک میں رکھ کر شدید احتجاج کیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے گزشتہ روز رہزنی کے الزام میں ملزم محمد عاصم امین سکنہ کمال خیل کو حراست میں لے کر پولیس تھانہ محمد ریاض شہید میں منتقل کیا جہاں ملزم نے مبینہ طور پر پستول نکال کر خود کو گولی مارکر خود کشی کرلی۔ ملزم کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں جاری پولیس بیان کے مطابق واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن (ر) واحد محمود نے ملزم کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کرنے والے دو پولیس اہلکاروں اے ایس آئی محمد حنیف اور ہیڈ کانسٹیبل مختیار حسین کو فوری طور پر معطل کرکے انکے خلاف محکمانہ کاروائی کا حکم دیدیا اور انہیں اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرتے ہوئے دریافت کیا گیا کہ ملزم کی گرفتاری کے وقت اسکی باضابطہ اور مکمل جامہ تلاشی میں قانونی ضابطہ کار اور مقررہ ایس او پی کی پیروی میں غفلت و لاپرواہی کا کیونکر مظاہرہ کیا گیا جبکہ تھانہ کے اندر ملزم کی ہلاکت کے واقعے کی شفاف تحقیقات کیلئے فوری طور پر ایس پی آپریشنز کوہاٹ طاہر اقبال کو انکوائری افسر مقرر کرکے معاملے کی اصل حقائق معلوم کرنے کیلئے خصوصی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو واقعے کی مکمل چھان بین کرکے جلد از جلد مکمل تحقیقاتی رپورٹ ڈی پی او کو پیش کرے گی اور مجرمانہ غفلت میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف مزید تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی جوکہ انکی ملازمت سے برطرفی پر منتج ہوگی اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ بھی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ادھر گزشتہ روز متوفی کی لاش لے کر لواحقین نے کچہری چوک میں شدید احتجاج کیا اور الزام لگایا کہ پولیس نے ملزم کو حوالات کے اندر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے تاہم پولیس حکام کی یقین دہانی پر لواحقین نے احتجاج ختم کردیا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں