درہ آدم خیل میں پولیس کی اسلحہ سمگلروں کیخلاف اہم کاروائی‘اسلحہ سے بھری موٹرکار پکڑ کر دو سمگلروں کو پابند سلاسل کردیاگیا

اتوار 25 اگست 2019 14:20

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2019ء) کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل میں پولیس نے اسلحہ سمگلروں کے خلاف اہم کاروائی کرتے ہوئے اسلحہ سے بھری موٹرکار پکڑ کر دو سمگلروں کو پابند سلاسل کردیا۔

(جاری ہے)

اتوار کی علی الصبح یہ کاروائی خفیہ اطلاعات پر انڈس ہائی وے پر سپینہ تھانہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کے دوران عمل میں لائی گئی. ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کوہاٹ کیپٹن (ر) واحد محمود کے مطابق بڑی تعداد میں غیر قانونی مقامی ساخت کا اسلحہ موٹر کار کے خفیہ خانوں سے برآمد کیا گیا جن میں 7 کلاکوف، 8 پستول، 40 چارجرز اور مختلف بور کے 2200 کارتوس شامل ہیں. ڈی پی او کے مطابق گرفتار اسلحہ سمگلروں محمد زمان اور وارث خان کا تعلق پشاور سے ہے جو پکڑا جانیوالا اسلحہ درہ آدم خیل سے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ دھر لئے گئے۔

اسلحہ سے بھری موٹر کار سمیت گرفتار سمگلروں کے خلاف تھانہ درہ آدم خیل میں مقدمہ درج کرلیا گیا. ڈی پی او کے مطابق اسلحہ سمگلروں کو تھانہ درہ آدم خیل منتقل کردیا گیا جہاں ان سے مزید تفتیش کی جاری ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں