ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے خودساختہ مہنگائی اور ناجائز تجاوزات پر15دوکانداروں کو جرمانہ کردیا

جمعہ 13 ستمبر 2019 17:16

کوہاٹ۔13ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ مطیع اللہ خان کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر۔III مراد احمد ہوتی نے مرغی منڈی، مین بازاراورمیاں خیل بازارکا اچانک دور ہ کیا اور ناجائز تجاوزات اور خودساختہ مہنگائی پر15 سے زیادہ دوکانداروں کو متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی پر موقع پر جرمانہ کردیا۔انہوں نے ناجائز تجاوزات بھی ہٹائے اور دوکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ غیر قانونی تجاوزات،ناجائزمنافع خوری اور ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کریں اورعوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں بصورت دیگر ضلعی انتظامیہ کسی بھی سخت اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔

اسی طرح ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے گڑھی مواز خان اورمیاں خیل / میراحمد خیل کے پٹوارخانوں کا بھی اچانک معائنہ کیا اور متعلقہ تمام ریکارڈ چیک کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے حلقہ پٹواریوں کو زیرالتوا کام فوری طور پر نمٹانے اور انہیں اس سلسلے میں تعمیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثنا ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر۔I کوہاٹ طاہر علی نے بھی جناح پلازہ،کالج ٹان اوربنوں روڈ پرکئی جنرل سٹورز،ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس، ڈیری شاپس اوربیکریز کا اچانک دورہ کیا اور متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی پر کئی دوکانداروں پربھاری جرمانے عائد کئے اورانہیں سختی سے تنبیہ کی کہ وہ حکومتی احکامات پرمن وعن عملدرآمد یقینی بنائیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں