کوہاٹ پولیس کی کامیاب چھاپہ مار کارروائی اور ناکہ بندی ،خود کار ہتھیاروں اور منشیات کی بھاری کھیپ پکڑ کر سات جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا

ہفتہ 21 ستمبر 2019 23:51

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2019ء) کوہاٹ پولیس نے کامیاب چھاپہ مار کاروائی اور ناکہ بندی کے نتیجے میں خود کار ہتھیاروں اور منشیات کی بھاری کھیپ پکڑ کر سات جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او کوہاٹ کیپٹن(ر) واحد محمود کی ہدایات پر کاروائی کرتے ہوئے تھانہ جرما کی پولیس نے کوہاٹ انڈس ہائی وے سے متصل سور گل روڈ پر ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کر رکھی تھی کہ اس اثناء میں ایک مشکوک موٹر کار نمبر مانسہرہB-5541 کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا اور تلاشی کے دوران موٹر کار سے مجموعی طور پر لاکھوں روپے مالیت کی7800 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس، 2 کلاشنکوف اور درجنوں کارتوس برآمد کرکے کار میں سوار مبینہ ملزمان نور کلیم اور رضوان ساکنان باڑہ ضلع خیبر کو موٹر کار سمیت گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح جرما پولیس نے نواحی علاقہ مسلم آباد میں جان محمد شاہ نامی مقامی باشندے کے حجرے پر اچانک چھاپہ مارا جہاں پولیس نے قتل و اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم سمیت پانچ مسلح افراد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر ایک کلاشنکوف، ایک ریپیٹر، دو پستول، دس چارجرز اور مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس برآمد کرکے قبضے میں لے لیں ۔

پولیس نے گرفتار مسلح گروہ کو فوری طور پر تھانہ جرما منتقل کردیا جہاں انکے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے۔پولیس کے مطابق گرفتار اشتہاری مجرم حبیب اللہ گزشتہ دو سالوں سے لاچی پولیس کو قتل اور اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا جبکہ زیر حراست دیگر مسلح افراد جان محمد شاہ، دوست محمد، نور محمد اور گل محمد ساکنان مسلم آباد مذکورہ اشتہاری کے سہولت کار ہیں جو مبینہ طور پر کسی خطرناک واردات کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں