صوبہ خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت میں پولیو سے متاثرہ تین مزید کیس سامنے آگئے

اتوار 17 نومبر 2019 18:10

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2019ء) صوبہ خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت میں پولیو سے متاثرہ تین مزید کیس سامنے آگئے جس کے ساتھ ہی ضلع لکی مروت میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ کر17 -‘ صوبہ خیبرپختونخوا میں64 جبکہ ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ کر 86 ہوگئی۔ پولیو حکام کے مطابق ضلع لکی مروت کے علاقوں بحمل احمدزئی‘ مشہ منصور اور درہ تنگ میں تین بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ان بچوں کے فضلے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی لیبارٹری بھجوائے گئے جہاں تفصیلی تجزیہ کے بعد ان بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔اس طرح اب تازہ ترین اعدادوشمار کی روسے ملک بھر کے 26اضلاع میں اب پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 86 ہوگئی ہے جن میں صوبہ خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد64 تک جاپہنچی ہے ۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوامیں سب سے زیادہ ضلع بنوں میں23 ‘ ضلع لکی مروت میں 17 ‘ تورغر میں7 ‘ ہنگو میں 2جبکہ چاراضلاع ڈیرہ اسماعیل خان ‘ چارسدہ ‘شانگلہ اور ٹانک میں ایک ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں8 جبکہ دیگر تین قبائلی اضلاع باجوڑ‘ خیبر اور جنوبی وزیرستان میں ایک ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ صوبہ سندھ کے 8اضلاع میں کل 10بچے پولیو سے متاثر ہوئے ہیں جن میںکراچی کے مختلفاضلاع/ علاقوں اورنگی ٹاؤن‘ لیاری‘ گلشن اقبال اور جمشید ٹاؤن میں مجموعی طورپر5 ‘حیدرآبادمیں2اور لاڑکانہ‘ سجاول اور جام شورو میں ایک ایک بچہ شامل ہے۔

اسی طرح صوبہ بلوچستان کے 4 اضلاع میں کل تعداد7 ہوگئی ہے جن میںضلع قلعہ عبداللہ میں 3‘ جعفر آباد میں 2 اور کوئٹہ اور ہرنائی میں ایک ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ صوبہ پنجاب کے دارالخلافہ لاہور میں 4 اور جہلم میں ایک کیس رپورٹ ہونے کے بعد صوبہ پنجاب میں کل 5 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں