سرکاری افسران ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں،ضیاء اللهبنگش

عوام کی خدمت سب کی بنیادی ذمہ داری ہے، عوام کے بہترین مفاد میں زیادہ سے زیادہ کام کو اپنا شعار بنائیں ،صوبائی مشیر تعلیم خیبرپختونخوا

منگل 10 دسمبر 2019 18:18

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) صوبائی مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ بنگش نے سرکاری افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ کوہاٹ سمیت پورے صوبے میں زیادہ سے زیادہ عوام کو جلد سے جلد تعلیمی اور بنیادی سہولیات پہنچائی جاسکیں۔ وہ منگل کے روز ڈپٹی کمشنر دفتر کوہاٹ میں ضلعی ترقیاتی کمیٹی(ڈی ڈی سی) اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ضیاء اللہ بنگش نے لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ میں شام کے اوقات میں او پی ڈی کی بندش پر سخت ناراضگی کا اظہارکرتے ہوئے ایم ایس کو ہدایت کی کہ ایوننگ او پی ڈی کو فوراً دوبارہ شروع کیاجائے تاکہ عوام کو صحت کی زیادہ سے زیادہ سہولیات آسانی سے فراہم ہوسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیف انجینئر سوئی ناردرن کو ہدایت کی کہ وہ کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں گیس کی کمی کی شکایات کو فوری طورپر درست کریں اورمعیاری پریشر یقینی بنائیں۔

چیف انجینئر نے یقین دلایا کہ یہ شکایات بہت جلد دور کردی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہنگو روڈ میں کام جاری ہے جس کی تکمیل پر کوہاٹ شہر میں گیس کی فراہمی بہتر ہوجائے گی۔ صوبائی مشیر نے پیسکو کے نمائندہ افسرکو بھی ہدایت کی کہ کوہاٹ میں لوڈشیڈنگ کی شکایات بہت زیادہ آرہی ہیں جوکہ ناقابل برداشت ہیں۔صوبائی مشیر نے ہدایت کی کہ لوڈشیڈنگ میں فوری طورپر کمی کو یقینی بنایاجائے۔

ضیاء اللہ بنگش نے ہدایت کی کہ کوہاٹ کے تینوں صوبائی حلقوں میں کروڑوں روپے کی لاگت سے منظورشدہ پانی، سکولوں، نالیوں اور گلیوں کی پختگی وغیرہ سکیموں کے پی سی ون ایک ہفتہ کے اندر اندر تیار کئے جائیں اوراس سلسلے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی مشیر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے بہترین مفاد میں زیادہ سے زیادہ کام کو اپنا شعار بنائیں اوراس سلسلے میں دی جانے والی ہدایات پر تنگ دلی کامظاہرہ نہ کریں کیونکہ عوام کی خدمت ہم اورآپ سب کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں