پاکستان تحریک انصاف نے تبدیلی اور خوش نما انتخابی نعروں کے ذریعے صوبہ کے عوام کو دھوکہ دیا‘ پیر نصیب چند

موجودہ حکومت نہ صرف حکومتی معاملات چلانے سے نابلد ہے بلکہ ان کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کی بدولت ملک قرضوں اور عوام مہنگائی میں ڈوب چکے ہیں

جمعہ 24 جنوری 2020 00:14

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے صوبائی صدر پیر نصیب چند نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نہ صرف حکومتی معاملات چلانے سے نابلد ہے بلکہ ان کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کی بدولت ملک قرضوں اور عوام مہنگائی میں ڈوب چکے ہیں پاکستان تحریک انصاف نے تبدیلی اور خوش نما انتخابی نعروں کے ذریعے صوبہ کے عوام کو دھوکہ دیا کیونکہ پی ٹی آئی نے آج تک اپنا کیا ہواایک وعدہ بھی ایفا نہیں کیا۔

انھوں نے آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی غریب کش پالیسیوں کی بدولت عوام سے جینے کا حق چھین لیا گیا۔انھوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کے حکمرانوں نے اقتدار کے حصول سے قبل کئے گئے تمام وعدوں پر یوٹرن لیا جیسا کہ پٹرولیم مصنوعات،بجلی و گیس،اشیائے خورد و نوش سستا کرنے سمیت صحت اصلاحات،نوجوانوں کو روزگاراور بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی جیسے وعدے شامل تھے پی ٹی آئی حکومت کو جاری مہنگائی،معاشی بدحالی اورسیاسی انارکی کا ذمہ دار ٹہراتے ہوئے پیر نصیب چندکہا ہے کہ موجودہ حکومت نہ صرف حکومتی معاملات چلانے سے نابلد ہے بلکہ ان کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کی بدولت ملک قرضوں اور عوام مہنگائی میں ڈوب چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ کو بجلی خالص منافع کی مدمیں بقایاجات کی ادائیگی سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے ۔انھوں نے این ایف سی ایوارڈ کے فوری اجراء کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت کی عدم توجہی اور صوبائی حکومت کی غفلت کی وجہ سے صوبہ مالی مسائل کا شکا ر ہے اور یہاں پر ترقی کا پہیہ جام ہوکر رہ گیا ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں