کوہاٹ ڈویژن میں کورونا کے وار جاری ،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 افرادمیں کورونا وائرس کی تشخیص ،مجموعی تعداد 334 تک جاپہنچی

ہفتہ 30 مئی 2020 19:37

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) کوہاٹ ڈویژن میں کورونا کے وار جاری ہیں اورگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈویژن کے تین اضلاع کوہاٹ‘ کرک اور ہنگو میں ایک سرکاری ڈاکٹر‘ ڈسپنسر اوروارڈ بوائے سمیت مزید 13 افرادمیں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے جس کے ساتھ مجموعی تعداد 334 تک جاپہنچی ہے۔ہفتہ کے روز جاری سرکاری اعدادوشمار کے مطابق کوہاٹ میں مزید 7 افراد کورونا وائرس کا شکارہوگئے ہیں جن میں لیاقت میموریل چلڈرن اینڈوومن ہسپتال کوہاٹ کے ڈاکٹر ولیدالرحمن‘ ڈسپنسر ہارون مسیح ا وروارڈ بوائے تیمورخان بھی شامل ہیں جن کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ باقی افراد کا تعلق نواحی علاقوں جدید رہائشی بستی کوتل ٹاؤن شپ‘ گڑھی رسالدار اور گڑھی بہرام خان سے بتایاجاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح ضلع کوہاٹ میں کورونا سے متاثر افراد کی کل تعداد 127 ہوگئی ہے جبکہ ضلع کرک میں بھی 5 افراد کے ٹیسٹ مثبت آنے پر تعداد 71 ہوگئی ہے ۔ اسی طرح ضلع ہنگو میں ایک شخص میں کورونا کی تصدیق کے بعد تعداد 26 ہوگئی ہے۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق ڈویژن کے پانچوں اضلاع کوہاٹ‘ کرک‘ ہنگو‘ اورکزئی اور کرم میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں اضافہ ہورہا ہے اور مریضوںکی تعداد بڑھ کر 334 ہوگئی ہے جن میں 165 مریض صحت یاب اور 16 انتقال کرچکے ہیں اور یوں اس وقت سرکاری اعداوشمار کے مطابق کوہاٹ ڈویژن کے پانچ میں سے چار اضلاع کوہاٹ‘ کرک‘ ہنگو اور کرم میں کل 153مریض زیرعلاج ہیں جبکہ پانچویں ضلع اورکزئی میں تمام مریض صحت یاب ہوئے ہیں جہاں اب کوئی بھی مریض زیرعلاج نہیں ۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں