معاون خصوصی جیل خانہ جات کا ڈسٹرکٹ جیل ہنگو کی تعمیر میں کئی سالوں کی تاخیر پر شدیدبرہمی کا اظہار، دو ماہ کے اندراندر عمارت مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 6 اگست 2020 19:45

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2020ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات تاج محمد ترندنے 33 کروڑ روپے کی خطیرلاگت سے ڈسٹرکٹ جیل ہنگو کی تعمیر میں کئی سالوں کی تاخیر پر شدیدبرہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو دو ماہ کے اندراندرجیل کی عمارت مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ معاون خصوصی نے گزشتہ روز زیر تعمیر ڈسٹرکٹ جیل ہنگو کے دورہ کے موقع پرجیل کی عمارت کا معائنہ کرنے کے دوران کئی خامیوں کی نشاندہی کرکے انہیںفوری طورپر دورکرنے کی تلقین کی ۔

اس موقع پر اًن کے ہمراہ صوبائی مشیر اوقاف ظہورشاکر‘ صوبائی اسمبلی کے رکن شاہ فیصل‘ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات مسعود الرحمن ‘ ڈپٹی کمشنر ہنگو منصورارشد اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے مقامی حکام موجودتھے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی تاج محمد ترند نے زیر تعمیرڈسٹرکٹ جیل ہنگو کا تفصیلی معائنہ کیا اور جیل میں مکمل شدہ بلاکس ‘ بیرکس ‘ حوالات اور فیملی کوارٹرز کا جائزہ لیا۔

باخبر سرکاری ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل کا ابتدائی تخمینہ 16 کروڑ روپے لگایا گیا تھا جس میں سو فیصد اضافہ ہوا اورنظرثانی شدہ تخمینہ 33 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔زیر تعمیر جیل میں چار سو قیدیوں رکھنے کی گنجائش ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق معاون خصوصی نے جیل کی عمارت بروقت مکمل نہ کرنے اورتعمیر میں12 سال کی طویل تاخیرپر شدید برہمی کا اظہار کیا اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام کو جیل کی تکمیل کے لئے دو ماہ کی مہلت دے دی۔

قبل ازیں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ایگزیکٹیو انجینئر نے جیل کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ جیل ہنگو پر تعمیراتی کام سال 2009 میں شروع ہوا تھا لیکن مختلف وجوہات کی بنا اس کی بروقت تکمیل نہ ہوسکی اور 2017 میں اس کا نظرثانی شدہ تخمینہ بڑھ کر 33 کڑوڑ روپے تک پہنچ گیاتاہم تقریباً 12 برس گزرنے کے بعد بھی جیل کی مجوزہ عمارت مکمل نہ ہوسکی ۔ذرائع کے مطابق اب جیل کا 90 فیصد سے زیادہ تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ باقی کام اکتوبر2020 تک مکمل ہوجائے گا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں