کوہاٹ ریجن میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد

اضلاع کی سطح پرجامع سیکیورٹی انتظامات کی حکمت عملی طے کرلی گئی

جمعہ 7 اگست 2020 23:00

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2020ء) کوہاٹ ریجن میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے اضلاع کی سطح پرجامع سیکیورٹی انتظامات کی حکمت عملی طے کرلی گئی ہے ۔اس حوالے سے ریجنل پولیس آفیسر کو ہاٹ طیب حفیظ چیمہ نے متعلقہ ضلعی پولیس سربراہوں کو تحریری طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے اور جملہ مسالک کے پیروکاروں کے مابین باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے تمام ممکن اقدامات اٹھائیں۔

ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ کی طرف سے متعلقہ اضلاع کے ڈی پی اوز کو جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران پہلے سے طے شدہ معاہدوں کے مطابق ترتیب دئیے گئے مجالس اور جلوسوں کے علاوہ کوئی بھی نئی روایت نہیں ڈھالی جائے گی ۔

(جاری ہے)

جملہ مسالک کے درمیان طے شدہ معاہدوں پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایاجائے گا اور کسی کو بھی پرامن فضاء میں رخنہ اندازی اور قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔

مراسلے میں محرم الحرام کی سیکیورٹی انتظامات اور ضابطہ اخلاق کا ذکر کرتے ہوئے حساس قرار دئیے گئے اضلاع کوہاٹ،ہنگو،اورکزئی اور ضلع کرم کے ڈی پی اوز کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ قومی ایکشن پلان پر اسکی اصل روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنائیں،اضلاع اور ریجن کی سطح پر قانون نافذ کرنیوالے اور دیگر انتظامی اداروں کے مابین مربوط کوآرڈینیشن کو فروغ دینے کی غرض سے خصوصی کنٹرول رومز قائم کئے جائیں۔

اتحاد بین المسلمین کے مطلوبہ مقاصد کے حصول اور دوطرفہ تعاون بڑھانے کیلئے امن کمیٹی ،شیعہ سنی اکابرین اور تاجر رہنمائوںکیساتھ مئوثر اور نتیجہ خیزاجلاسوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔ سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے مقامی سطح پر عوامی آگاہی مہم چلائی جائے۔شرپسند و مشکوک اورجیل سے رہاہونیوالے شیڈول فور کے ریکارڈ یافتہ افراد کی نگرانی ،کرایہ داروں کی از سر نو تصدیق،ہوٹل و سرایوں کی چیکنگ اور حساس مقامات کی سیکیورٹی کے ذمہ داروں،کھوجی کتوں اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے ذریعے مسلسل چیکنگ و سویپنگ کے عمل کو یقینی بنایاجائے۔

اسلحہ کی نمائش، شر انگیز مواد کی تقسیم ،متنازعہ وال چاکنگ اور لائوڈ سپیکر کے بے جا استعمال پر عائدپابندی کے قوانین کو بھرپور عملی جامہ پہنایا جائے۔مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ نفرت انگیز تقاریر و نعرے بازی کی کسی کو اجازت نہ دی جائے جبکہ شیعہ سنی علمائے کرام کی سیکیورٹی کو مئوثر بنا کر تمام مجالس و جلوسوں اور دیگر پروگراموں کی ویڈیو فلمبندی کا اہتمام کرکے مساجد وامام بارگاہوں ،اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور ہسپتالوں کی سیکیورٹی کیلئے تمام تر حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں۔

ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ کے دفتر سے جاری ایک مراسلے میں مختلف مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے قبائلی اضلاع اور مختلف شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم کرکے چیکنگ کا سلسلہ بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔کوہاٹ اور ہنگو کے ڈی پی اوز کے نام جاری ایک اور مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کے پیش نظراضافی انٹی روئیٹ پلاٹونز سٹینڈ بائی رہیںگے جبکہ ماتمی جلوسوں کی گن شپ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی کیلئے بھی متعلقہ صوبائی حکام کو تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔

اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔عاشورہ محرم شروع ہونے سے قبل تمام انتظامات بطریق احسن مکمل کرلیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیلئے پولیس،مقامی انتظامیہ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ لائحہ عمل کے تحت جامع پلان تشکیل دیا جارہا ہے تاکہ ہر قسم کے حالات کا مئوثر طور پر مقابلہ کیاجاسکے ۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں