کوہاٹ ،دن دیہاڑے میڈیکل سٹور کے اندر گھس کر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا

منگل 15 ستمبر 2020 18:34

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2020ء) کوہاٹ شہر کے وسط میں واقع پشاور چوک میں دن دیہاڑے ایک میڈیکل سٹور کے اندر گھس کر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا۔ دہرے قتل کی یہ اندوہناک واردات مبینہ طور پر ٹارگٹ کلنگ بتائی جاتی ہے۔ واقعہ کے خلاف سینکڑوں افراد نے پشاور چوک میں شدید احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق منگل کے روز دن دیہاڑے تقریبا" ساڑھے 11 بجے بعض نامعلوم افراد نے شہر کے عین وسط میں واقع پشاور چوک میں شبیر میڈیکل سٹور میں داخل ہوگئے اور وہاں بیٹھے دو افراد پر اندھا دھند فائرنگ کرکے انہیں موت کے گھاٹ اتاردیا۔ دونوں جاں بحق افراد میرحسن جان اور ارتضی حسن کا تعلق ضلع ہنگو کے علاقے ابراہیم زئی سے بتایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں مقتولین کو فوری طور پر ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈی اے پہنچا دیا۔ واقعہ کی خبر کوہاٹ ڈویژن بھر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور بڑی تعداد میں لوگ ہسپتال پہنچ گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملزموں کی تلاش شروع کردی۔ بعدازاں کوہاٹ اور ہنگو شہروں سے سینکڑوں افراد نے جمع ہوکر مقتولین کی لاشیں پشاور چوک میں رکھ دیں اور واقعہ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین مقامی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے۔ مظاہرین مطالبہ کررہے تھے کہ ملزموں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔دریں اثنا واقعہ کے بعد دونوں اضلاع کی انتظامیہ نے کوہاٹ ہنگو مرکزی شاہراہ کو حفظ ماتقدم کے طور پر ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا۔ ادھر گزشتہ شب کوہاٹ کے علاقے جوزارہ میں نامعلوم افراد نے ضلع ہنگو کے علاقے محمد خواجہ کے رہنے والے محمد عمر ولد گلسان خان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے مہں وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ پشاور سے واپس آرہا تھا کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ کی مزید معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں