کوہاٹ ،احتجاجی مظاہروں کے دوران اشتعال پھیلا کر املاک کو نقصان پہنچانے میں مبینہ طورپر ملوث ملزمان گرفتار

پیر 21 ستمبر 2020 22:48

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2020ء) کوہاٹ پولیس نے شہر میں احتجاجی مظاہروںکی آڑ میں بدامنی کے مرتکب اور احتجاجی مظاہروں کے دوران اشتعال پھیلا کر سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے میں مبینہ طورپر ملوث اہل سنت اور اہل شیعہ مسالک سے تعلق رکھنے والے دس (10)ملزمان کو حراست میں لے لیا۔پیرکے روزپولیس ترجمان نے بتایا کہ ان ملزمان نے 15 ستمبراور18 ستمبرکو شہر کے وسط میں واقع پشاور چوک میں احتجاج کے دوران شرانگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایاتھا اور پولیس کے ساتھ جھڑپ کرکے شہرمیں توڑپھوڑکی تھی۔

پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شناخت کرکے اشتعال انگیزی میں ملوث دس ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ احتجاجی مظاہروں کی آڑ میں بدامنی پھیلانے والے مزید ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارہے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

زیرحراست ملزمان میں حبیب الرحمن ولد انارگل اور محمدرحمن ولد سید رحمن ساکنان کے ڈی اے‘ ظفراللہ ولد امان اللہ اور عزت اللہ ولد نامعلوم ساکنان گڑھی رؤف خان‘ کامران علی ولد عرب علی ‘ فرہاد علی ولد صفدرعلی ساکنان چکرکوٹ بالا‘ وجاہت حسین ولد افضل حسین سکنہ شیرکوٹ‘ محمدآیاز ولد تازہ گل سکنہ خادیزئی محمدنواز ولد شہادت علی سکنہ استرزئی شامل ہیں۔

دریں اثناء کوہاٹ شہر میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور شہر کے مصروف چوراہوںو شاہراہوں اور حساس و اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے حفاظتی اقدامات میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیا ہے۔ضلع بھر میں حساس مقامات کی طرف جانیوالے راستوں پر اضافی پولیس نفری تعینات کرکے شہر کی مختلف چوراہوں پر بکتر بند گاڑیاں کھڑی کردی گئی ہیں اور چیکنگ کا عمل مزید سخت کردیا گیا ہے ۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں