کوہاٹ ،پیواڑ میں شادی کا گھر ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا ،دو منزلہ مکان کی چھت گرنے سے بچوں سمیت 8 خواتین جاں بحق

بدھ 18 نومبر 2020 23:09

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2020ء) کوہاٹ ڈویڑن کے قبائلی ضلع کرم کے دور افتادہ سرحدی علاقے پیواڑ میں شادی کا گھر ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا جہاں شادی کی تقریب کے دوران دو منزلہ کچے مکان کی چھت گرنے سے کمسن بچوں سمیت کم از کم 8 خواتین جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئیں۔ مقامی پولیس اور ہسپتال ذرائع کے حوالے سے موصولہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق قبائلی ضلع کرم کے پاک افغان سرحد کے قریب واقع پہاڑی علاقے پیواڑ غنڈی خیل میں صوبیدار میر غلام کے گھر شادی کی تقریب ہورہی تھی کہ اس دوران دو منزلہ کچے مکان کی چھت اچانک زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں شادی کی تقریب میں شریک متعدد خواتین اور بچے ملبے تلے دب گئے۔

اندوہناک حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاروائیاں شروع کردیں اور ملبے تلے سے خواتین اور بچوں کو نکالنا شروع کیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس دوران ریسکیو 1122 سمیت دیگر امدادی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کاروائیاں شروع کرکے درجنوں زخمی خواتین اور بچوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار پہنچادیا۔

ذرائع نے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر قیصر عباس کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس واقعہ میں کم از کم 8 خواتین جاں بحق ہوگئیں جن میں کئی کمسن بچے بھی شامل ہیں۔ہسپتال ذرائع کے مطابق 30 سے زائد خواتین اور بچے زخمی ہیں۔ فوری طور پر چھت گرنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی تاہم خدشہ ہے کہ گھر میں موجود افراد کی وزن چھت برداشت نہ سکی اور گر گئی۔ فوری طور پر مزید معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں