کوہاٹ پولیس نے ماہ رفتہ 53مطلوب اشتہاریوں سمیت2650مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا

منگل 5 جنوری 2021 19:49

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2021ء) کوہاٹ پولیس نے ماہ رفتہ 53مطلوب اشتہاریوں سمیت2650مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت جاری کریک ڈائون کے دوران گرفتار اافراد میں اشتہاری مجرموں کی42سہولت کار اور غیر قانونی مقیم 5افغان باشندے بھی شامل ہیں۔تلاشی آپریشن اور سنیپ چیکنگ کی کاروائیوں میں اسلحہ و منشیات کی بھاری کھیپ بھی برآمد کرلی گئی ہے ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی واضح ہدایات کی روشنی میںجرائم کے مئوثر سد باب اور امن وامان کے قیام کی خاطر سماج دشمن عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پرکریک ڈائون کامیابی سے جاری ہے جسکے تسلسل میں ایس پی آپریشنز اکرام اللہ اور سرکل ایس ڈی پی اوز کی زیر نگرانی کوہاٹ کے چاروں سرکلز سٹی،ہیڈ کوارٹر،صدر اور لاچی سرکل کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز ،اچانک چھاپوں اور انٹیلی جنس بیسڈ کاروائیوں کا انعقاد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

کوہاٹ کے ضلعی پولیس نے ماہ رفتہ شہر اور ملحقہ علاقوں میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کی کاروائیوں کے دوران قتل و اقدام قتل اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب53مجرمان اشتہاریوں اور انکی42سہولت کاروں سمیت 2650مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔شہر کے مختلف مقامات پر مشتبہ و جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری کاروائیوں کے تسلسل میں پولیس نے غیر قانونی مقیم 5افغان باشندوں کو بھی حراست میں لیکر انکے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرلئے ہیں۔

ماہ رفتہ ضلع بھر میں کریک ڈائون کے دوران 25کلاشنکوف،3کلاکوف،80ریپیٹر،7رائفل،111بندوق،190پستول،مختلف بور کے 7ہزار کارتوس اور 460چارجرز برآمد کئے گئے۔آپریشنز کے دوران ضلع بھر میں 1350مکانات چیک کئے گئے جن میں مقیم 13غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے جبکہ مختلف مقامات پرنگرانی اور چیکنگ کے دوران ناقص سیکیورٹی انتظامات پر حساس و آسانی سے ہدف بننے والے 15 مقامات کی انتظاامیہ کے خلاف قانونی کاروائی عمل میںلائی گئی ۔

منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کے نتیجے میں 140 کلوگرام چرس،10805گرام ہیروئن ،633گرام آئس اور 40بوتل شراب برآمد کرکی144منشیات فروشوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے اور انہیں جیل بھیج دیا گیا۔اسی طرح ہوائی فائرنگ کے سد باب کے حوالے سے ڈی پی او کوہاٹ کی طرف سے واضح احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے پولیس نے شہر اور مضافات کے مختلف علاقوں سے ہوائی فائرنگ کے مرتکب 60افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مختلف قسم کے 72عدد ہتھیار اور درجنوں کارتوس برآمد کرلئے اور انکے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے انہیں پابند سلاسل کردیا گیا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں