صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں ،ضیاء الله بنگش

صحافت مقدس پیشہ ہے، صحافیوں کی فلاح و بہبود پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے،کوہاٹ پریس کلب کے تمام ممبران کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، مشیر وزیراعلی خیبرپختونخوا

پیر 11 جنوری 2021 19:40

پشاور/ کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2021ء) وزیرا علیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے آئی ٹی ضیاء الله بنگش نے کہا ہے کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں جبکہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے، صحافیوں کی فلاح و بہبود پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے۔کوہاٹ پریس کلب کے تمام ممبران کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ وہ کوہاٹ پریس کلب کے زیر اہتمام منعقدہ سنوکر ٹورنمنٹ کے اختتام پر انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کوہاٹ پریس کلب کو مزید سہولیات فراہم کر کے اسے صوبے کا ایک ماڈل پریس کلب بنائیں گے۔پریس کلب میں تفریحی سرگرمیوں کے انعقاد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اصل تبدیلی یہی ہے کہ صحتمندانہ سرگرمیوں کا انعقاد کسی ادارے کے اندر ہو اور میں امید کرتا ہوں کہ ان سرگرمیوں کو برقرار رکھا جائیگااور مزید کھیلوں کا انعقاد بھی عمل میں لایا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا کالونی کوہاٹ کا 90فیصدپراسس مکمل ہو چکا ہے اراضی کا انتقال کیا جا چکا ہے اور اس پراسس میں مزید تیزی لا کر دم لوں گا۔کوہاٹ پریس کلب کیلئے منظور کردہ ایک کروڑ کی گرانٹ کی سمری وزیر اعلیٰ کے پاس پہنچ چکی ہے جلد ہی اسے ریلیز کر دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب عمارت کی تزئین و آرائش اور مرمت کیلئے میں نے 83لاکھ روپے کی اے ڈی پی منظور کی تھی جس پر کام شروع ہو چکا ہے جبکہ ٹی ایم اے کی طرف سے دی گئی دس لاکھ کی گرانٹ سے سنوکر ہال تعمیر کرایا جائیگااور اس کے علاوہ بھی میری طرف سے ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔

بعد ازاں انہوں نے سنوکر ٹورنمنٹ کا فائنل جیتنے والے صحافی بشیر جان کو موٹر سائیکل اور دیگر میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے جبکہ رنر اپ منور خان اورکزئی کو موبائل اور تھرڈ پوزیشن کے بہترین پلیئر اعجاز اورکزئی کو 15ہزار نقد انعام بھی دیا گیا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں