کوہاٹ ،تخت نصرتی میں نامعلوم افراد کا پولیو ٹیم پر حملہ ،ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار گولی لگنے سے جاں بحق

منگل 12 جنوری 2021 17:47

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2021ء) کوہاٹ ڈویڑن کے جنوبی ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی میں نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

(جاری ہے)

ترجمان ریسکیو 1122 کرک کے مطابق منگل کے روز یہ واقعہ تحصیل تخت نصرتی کے گاؤں گڑدی بانڈہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور ایک پولیس اہلکار گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

جاں بحق اہلکار کی شناخت جنیداللہ سکنہ میانکی بانڈہ کے نام سے ہوئی ہے جو فرنٹیئر ریزرو پولیس کا اہلکار تھا۔ اطلاع پاتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 اہلکار موقع پر پہنچ گئے جہاں ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کاروائی کرکے موقع پر پہنچ کر جاں بحق پولیس اہلکار کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے سول ہسپتال لتمبر منتقل کر دی۔ مقامی پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم فوری طور پر مزید تفصیلات حاصل نہیں ہوسکیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں