کوہاٹ پولیس کانیشنل بینک ڈکیتی میں ملوث مبینہ پانچ ڈاکوئوں کو گرفتار کرکے لوٹی ہوئی رقم برآمد کرنے کا دعویٰ

ہفتہ 16 جنوری 2021 17:55

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2021ء) کوہاٹ پولیس نے جدید رہائشی بستی کوتل ٹان شپ "کے ڈی ای" میں واقع نیشنل بینک آف پاکستان کی برانچ میں ڈکیتی میں ملوث مبینہ پانچ ڈاکوئوں کو گرفتار کرکے لوٹی ہوئی لاکھوں روپے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بینک ڈکیتی میں ملوث مبینہ ڈاکوں کو جدید سائنسی بنیادوں پر کی گئی تفتیش کی مدد سے سراغ لگا کر حراست میں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق بینک ڈکیتی واردات میں ملوث ڈکیت گروہ کے ارکان رحیم داد، گلاب، تاج علی، ذاکر اور طارق کو مختلف مقامات پر کاروائیوں کے نتیجے میں گرفتار کیا گیا جبکہ زیر حراست ملزموں کی نشاندہی پر دوران ڈکیتی بینک سے لوٹی ہوئی مجموعی رقم 15 لاکھ میں سے 2 لاکھ 75 ہزار روپے کی نقدی برآمد کر لی گئی۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ زیر حراست ملزمان نے دوران تفتیش ڈکیتی کی واردات میں شریک جرم دیگر تین ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے ہیں۔

زیر حراست ملزمان کا تعلق قبائلی ضلع اورکزئی، قبائلی سب ڈویژن کوہاٹ کے علاقہ پایہ جواکی اور کوہاٹ کے نواحی علاقے جرما سے بتایا جاتا ہے جو سابقہ ریکارڈ یافتہ جرائم پیشہ ہیں اور پہلے بھی جیل کی سزا کاٹ چکے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق بینک ڈکیتی میں ملوث 8 رکنی ڈکیت گروہ کے تین ارکان دیگر صوبوں کے شہروں میں روپوش ہیں جنکی گرفتاری کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ نیشنل بینک ڈکیتی میں ملوث گروہ کے بین الصوبائی ڈکیت گروہوں سے بھی روابط کے شواہد ملے ہیں۔ وااضح رہے کہ گزشتہ سال 8 دسمبر کو مسلح ملزمان نے نیشنل بینک آف پاکستان کے ڈی اے برانچ میں دن دیہاڑے داخل ہوکر اسلحہ کی نوک پر تقریبا" 15 لاکھ روپے کی نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں