کوہاٹ،ضلع کرم میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں کم از کم چار کمسن بچے زخمی ہوگئے

جمعہ 28 مئی 2021 00:57

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2021ء) کوہاٹ ڈویژن کے سرحدی قبائلی ضلع کرم کی وسطی تحصیل کے دور افتادہ پہاڑی علاقے علی شیرزئی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں کم از کم چار کمسن بچے زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

مقامی میڈیا کے حوالے سے یہاں موصولہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پاک افغان سرحد پر واقع قبائلی ضلع کرم کی سنٹرل تحصیل کے دورافتادہ پہاڑی علاقے علی شیرزئی تندئی میں جمعرات کی سہ پہر بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس کی زد میں آکر چار کمسن بچے زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر مقامی افراد نے ہسپتال منتقل کردیا۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ بچے کھیل رہے تھے کہ دھماکہ ہوا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم طاہر اقبال کے حوالے سے موصولہ ابتدائی طلاعات کے مطابق سنٹرل کرم علی شیرزئی کے علاقے تندئی میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا ہے جس میں چار بچے زخمی ہوگئے ہیں جن میں کامران، ہارون، واجد اور اسلام دین کا کمسن بیٹا شامل ہے۔ دھماکہ کی نوعیت کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ دھماکہ قریبی کھیتوں میں پڑے بارودی سرنگ کے پھٹنے سے ہوا۔ مقامی پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ فوری طور پر مزید معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں