خیبر پختونخوا کو بزنس سیکٹر کیلئے مثالی صوبہ بنانا مشن ہے ،تیمور جھگڑا

معیشت کو اٹھانے کیلئے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کو اٹھائیں گے اور ان میں مقابلے کا رجحان پیدا کریں گے،صوبائی وزیر خزانہ

ہفتہ 19 جون 2021 20:33

پشاور/کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) صوبائی وزیر خزانہ و صحت تیمور سلیم جھگڑا نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ وہ خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کریں کیونکہ یہاں پر پہلی بار پی ٹی آئی کی بزنس فرینڈلی حکومت قائم ہے اور سرمایہ کاری کیلئے حالات انتہائی سازگار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت خیبر -"پختونخوا اوپن فار بزنس " کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ بزنس کمیونٹی کو بنک آف خیبر کے ذریعے اکنامک پیکج دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز کوہاٹ ٹیکسٹائل ملز میں کلین اینڈ گرین ایک میگا واٹ کے فرسٹ میگا سولر پراجیکٹ جسے سکائی الیکٹرک پرائیویٹ لمیٹڈ کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے سابق وفاقی وزیر سلیم سیف الله خان، سکائی الیکٹرک کے سی ای او عثمان سیف الله خان اور رکن صوبائی اسمبلی ضیاء الله بنگش نے بھی خطاب کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبے میں انڈسٹریلائزیشن کیلئے سولر انرجی اور ہائیڈرو پاور کا فروغ ناگزیر ہے جس پر صوبائی حکومت تندہی سے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق خیبر پختونخوا کو بزنس سیکٹر کیلئے مثالی صوبہ بنانا مشن ہے لہذا بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن سہولت دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کو اٹھانے کیلئے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کو اٹھائیں گے اور ان میں مقابلے کا رجحان پیدا کریں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار 1118ارب روپے کا بڑا اور تاریخی بجٹ دیا ہے جس میں غریبوں پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا اور معاشرے کے تمام طبقوں کو ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ چھوٹے کسانوں پر ٹیکس زیرہ کر دیا گیا ہے تمام طبقوں پر پروفیشنل ٹیکس ختم کر دیا ہے جبکہ گاڑیوں کی رجسٹریشن صرف فیس کم کر دی گئی ہے۔

ریوینیو بیس 68فیصد تک بڑھایا گیا ہے اور اگلا ٹارگٹ 75فیصد رکھا گیا ہے انشاء الله اس ٹارگٹ کو پورا کر کے دکھائیں گے۔ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ رشکئی اکنامک زون صوبے کی معاشی ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس سے ہمارے ایکسپورٹس میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور روزگار بڑھے گا۔انہوں نے سوشل سیکٹر میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس سکیم کو موثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سکیم سے تین کروڑ لوگوں فائدہ پہنچا ہے اور عوام کو ریلیف ملنے کیساتھ ساتھ حکومت اور سیاستدانوں کا کریڈٹ بڑھا ہے اور ہیلتھ انڈسٹری کو بھی ترقی ملی ہے۔

قبل ازیں انہوں نے ایک میگاواٹ سولر پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور پودا بھی لگایا۔ انہوں نے کوہاٹ ٹیکسٹائل کے ورکرز کے عمرہ ادائیگی کی قرعہ اندازی کے نام بھی نکالے اور کامیاب ورکرز کو مبارکباد دی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں