کوہاٹ پولیس کی کاروائی ،گاڑیوں کی چوری اور منشیات کی سمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا

پیر 21 جون 2021 23:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2021ء) کوہاٹ پولیس کی رواں سال کی اب تک کی سب سے بڑی کاروائی کے دوران ملک کے مختلف شہروں سے قیمتی گاڑیوں کی چوری اور منشیات کی سمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا گیا ہے۔ کوہاٹ کے پوش علاقے کے ڈی اے میں گھر پر چھاپے کے دوران 4 مسروقہ گاڑیاں برآمد ہونے کے ساتھ ساتھ کاروائی میں ایک مسروقہ موٹر کار کے خفیہ خانوں سے 1 کلو گرام مہلک نشہ آئس بھی برآمد کیا گیا۔

انٹیلی جنس بیسڈ کاروائی میں برآمد ہونیوالی قیمتی موٹر کاروں کے چیسز و انجن نمبر تبدیل کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ڈی پی او سہیل خالد کا کہنا تھا کہ برآمد ہونیوالی قیمتی کاریں ملک کے مختلف شہروں سے چوری کرکے لائی گئی ہیں۔ چوری کی یہ گاڑیاں خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع اور دیگر شہروں میں فروخت کی جاتی تھیں۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے مزید بتایا کہ کاروائی کے ڈی اے سیکٹر 6 میں واقع زاہد آفریدی نامی شخص کی رہائش گاہ پر عمل میں لائی گئی۔

مبینہ ملزم فرار ہے جسکی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیںجبکہ برآمد ہونیوالی گاڑیاں تھانہ کے ڈی اے منتقل کر کے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ گاڑیوں کی چوری اور منشیات کی سمگلنگ میں ملوث بین الصوبائی نیٹ ورک کے بارے میں مزید معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں