اب وقت آگیا ہے کشمیر کے مظلوم عوام کے خلاف بھارتی جنگی جرائم کے بارے میں حقائق دٴْنیا کے سامنے اٴْجاگرکئے جائیں ، شہر یار آفریدی

پاکستانی قوم کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے اورکشمیر کے بارے میں وزیراعظم عمران کا وژن اور بیان بہت واضح ہے، گفتگو

ہفتہ 18 ستمبر 2021 23:13

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیرشہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کشمیر کے مظلوم عوام کے خلاف بھارتی جنگی جرائم کے بارے میں حقائق دٴْنیا کے سامنے اٴْجاگرکئے جائیں تاکہ کشمیری عوام کو درپیش مصیبت اور اذیت کا خاتمہ کیا جاسکے،دٴْنیا کوسمجھنا چاہیے کہ جموں و کشمیر محض علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے،پاکستانی قوم کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے اورکشمیر کے بارے میں وزیراعظم عمران کا وژن اور بیان بہت واضح ہے۔

ان خیالات کا اظہارچیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے گزشتہ روز نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم اورکشمیری حقوق کے سرکردہ رہنماؤں سے ملاقات کے دوران اپنے گفتگو میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسرکردہ کشمیری رہنماؤں میں واشنگٹن میں قائم عالمی کشمیر آگاہی فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی‘ اوہائیویونیورسٹی کے ڈاکٹر غلام نبی میر‘ جارج واشنگٹن یونیورسٹی کے ڈاکٹر امتیازخان اور دیگر موجودتھے۔

ہفتہ کے روز نیویارک میں ہونے والی اس اہم ملاقات کے حوالے سے یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق شہریار آفریدی کا کہناتھا کہ عالمی ضمیر کو بھارتی جرائم جھنجھوڑرہے ہیں اور دٴْنیا کو کشمیریوں کوا نصاف اور امن دلانے کے لئے مداخلت کرنا چاہیئے جنہیں بھارتی قابض حکومت کے ذریعے منظم طریقے سے قتل کیا جارہا ہے۔ شہریارآفریدی نے اکیڈمیا اور تھینک ٹینک کے لوگوں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا دورہ کریں اور وہاں کے آزادی پسند عوام کے خلاف بھارتی نسل کشی اور جنگی جرائم پر غیرجانبدارانہ تحقیق کریں۔

ملاقات کے دوران امریکی تھینک ٹینکس‘ ماہرین تعلیم‘ امریکی قانون سازوں اور عہدیداروں کے ساتھ رابطوں کی سطح کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور انہیں غیرقانونی طورپرمقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی نسل کشی کے منصوبوں اور غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق اس ملاقات میں کشمیری مزاحمتی رہنما سید علی گیلانی شہید اور اشرف خان صحرائی شہید کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ دونوں حریت رہنماؤں کے زیرحراست قتل کی غیرجاندارانہ تحقیقات کی جائیں۔ اس ملاقات میں بھارتی جیلوں میں قید تمام کشمیری رہنماؤں ککو قتل کرکے کے بھارتی منصوبوںپر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور انہیں فوری طورپر جموں و کشمیر کی جیلوں میں منتقل کرنے پر زور دیا گیا۔

یادرہے کہ شہریار آفریدی گزشتہ روز امریکہ پہنچے تھے جہاں نیویارک ایئرپورٹ پر اورسیز پاکستانیز گلوبل فاؤنڈیشن کے عہدیداروں نے اٴْن کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔ امریکہ میں قیام کے دوران شہریارآفریدی اورسیز کنونشن سے خطاب کے علاوہ یو این جی اے کی سائڈ لائنز پر امریکی اراکین گانگریس ‘ تھینک ٹینکس اور سول سوسائٹی تنظیموں سے ملاقاتیں کرکے مسئلہ کشمیر اٴْجاگرکریں گے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری کشمیری عوام کی نسل کشی اور بھارتی افواج کے جنگی جرائم کے بارے آگہی پھیلائیں گے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں