کرم کے دوراٴْفتادہ پہاڑی علاقے پاڑہ چمکنی میں مبینہ طورپرزہریلے پودے کھانے سے خواتین اور بچوں سمیت دس افراد بے ہوش

ہفتہ 18 ستمبر 2021 23:53

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2021ء) کوہاٹ ڈویژن کے قبائلی ضلع کرم کے دوراٴْفتادہ پہاڑی علاقے پاڑہ چمکنی میں مبینہ طورپرزہریلے پودے کھانے سے خواتین اور بچوں سمیت دس افراد بے ہوش ہوگئے تاہم مقامی طورپر چھ افراد کو طبی امداددینے کے بعد دوخواتین اور دو کمسن بچوں سمیت چار متاثرہ افراد کو پشاور منتقل کردیا گیا۔ مقامی میڈیا ‘ ہسپتال اورریسکیو ذرائع کے مطابق ضلع کرم کی وسطی تحصیل کے دوراٴْفتادہ پہاڑی علاقے سیدکرم (پاڑہ چمکنی ) میں گھریلو خواتین گھرمیں کھانے پکانے کے لئے استعمال ہونے والے خودرو پودے (ممکنہ طورپرساگ) قریبی پہاڑ میںکاٹ کرلا رہے تھے کہ اس دوران مبینہ طورپر بعض خواتین اور بچوںنے پودوں کے پتے چکھ لئے جس کی وجہ سے خواتین ا ور بچوں سمیت دس افراد بے ہوش ہوگئے۔

(جاری ہے)

امکان ظاہرکیا گیا ہے کہ یہ جنگلی پودے زہریلے ہوگئے تھے جن کے پتے چکھنے سے یہ واقعہ پیش آیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 نے فوری طورپر پہنچ کر ابتدائی طبی امدادفراہم کی اور کئی افراد کوتحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال صدہ پہنچادیا جہاں بعض کی حالت سنبھل گئی تاہم باخبرذرائع کے مطابق دوخواتین اور دو بچوں سمیت چار افراد کو تشویشناک حالت میں پشور منتقل کردیا گیا۔متاثرہ مریضوں میں دوخواتین کے علاوہ دو کمسن بچے ظہور اور محمدشامل بتائے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں