کوہاٹ ‘ ڈھل بہزادی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ ‘ پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس کانسٹیبل شہید

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی اور علاقے کا گھیراؤ کرکے گھر گھر تلاشی شروع کردی

اتوار 19 ستمبر 2021 13:20

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2021ء) کوہاٹ شہر کے نواحی علاقے ڈھل بہزادی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق شہر کے نواحی علاقے نہر چونگی سے ملحقہ ڈھل بہزادی میں پولیو ٹیم مصروف عمل تھی کہ اس دوران بعض نامعلوم مسلح افراد نے پولیٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار ساجد پر فائرنگ کردی جس کی زد میں وہ شدید زخمی ہوگیا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہوگیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی اور علاقے کا گھیراؤ کرکے گھر گھر تلاشی شروع کردی۔دوران ڈیوٹی شہید ہونے والا ساجد نامی اہلکار پولیس میں کانسٹیبل تھا اور گزشتہ روز سے جاری پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیم کے ساتھ سرکاری ڈیوٹی پر موجود تھا۔

(جاری ہے)

پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے تاہم فوری طور پر کسی نتیجے پر نہیں پہنچی اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

واقعہ کی خبر پورے کوہاٹ ضلع میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور پولیو ٹیموں میں سراسیمگی پھیل گئی تاہم واقعہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل خالد نے واضح طور پر کہا ہے کہ کوہاٹ میں پولیو مہم بدستور جاری رہے گی۔ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں جس کی بہت جلد تفصیلات شئیر کی جائیں گی۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھاکہ واقعہ کی محتلف زایوں سے تفتیش کا اغاز کر دیا گیا ہے اور پولیو ٹیموں کی سیکورٹی مزید سخت کر دی ہے۔ ڈی پی او نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملوث عناصر بہت جلد گرفتار ہونگے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں