کوہاٹ ،پولیو ٹیم پر حملے کے بعد دفعہ 144 نافذ ،تین دن کیلئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اوراسلحہ کی نمائش پرفی الفور پابندی عائد

ضلع کرک میں ڈپٹی کمشنر کرک نے ڈی پی او کرک اور پاک فوج کے ہمراہ مختلف علاقوں میں جاری انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا

پیر 20 ستمبر 2021 23:37

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) کوہاٹ میں پولیو ٹیم پر حملے کے بعد ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کرکے تین دن کے لئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اوراسلحہ کی نمائش پرفی الفور پابندی عائد کردی جبکہ ضلع کرک میں ڈپٹی کمشنر کرک نے ڈی پی او کرک اور پاک فوج کے ہمراہ مختلف علاقوں میں جاری انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا ۔

گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کوہاٹ روشان محسود کے دفتر سے جاری سرکاری اعلامیہ کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی سفارش پراور موجودہ حالات کے تناظرمیں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ضلع کوہاٹ میں دفعہ 144 نافذ کرنا ضروری تھا۔اعلامیہ کے مطابق ضلع بھر میں فوری طورپر تین دنوں کے لئے دفعہ 144 نافذ کرکے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر فوری پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے پرتعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت کاروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ گزشتہ روز کوہاٹ کے شہری علاقے میں نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے انسدادپولیو مہم کے دوران پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامورپولیس کانسٹیبل ساجد اقبال پر فاائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگیا تھا۔پولیس تاحال فرار ہونے والے مبینہ قاتلوں کو گرفتار نہیں کرسکی ہے ۔اٴْدھر ضلع کرک میں ڈپٹی کمشنر کرک تنویر الرحمن نے ڈی پی او کرک ہارون راشد خان ‘ پاک فوج کے کیپٹن سرمد اور دیگر پولیس حکام ہمراہ مختلف علاقوں میں جاری انسداد پولیو مہم کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا اورپاک فوج اور پولیس کے مسلح دستوں نے فلیگ مارچ کیا۔

حکام نے تحصیل تحت نصرتی کے علاقہ خدہ بانڈہ میں پولیو قطرے پلانے سے انکاری والدین کو آمادہ کرلیا جنہوں نے پولیو کے قطرے پلانا گیس فراہمی سے مشروط کیا تھا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہناتھا کہ والدین اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کو ہرگز اپنے مطالبات سے مشروط نہ کریں بلکہ اپنے جائز مطالبات کے حل کرنے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ مل بیٹھیں۔ ۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں