جمعیت علما اسلام ضلع کوہاٹ نے بھی میدان میں اتر کر تعلیمی بورڈ کوہاٹ کی جانب سے میٹرک و انٹر کے نتائج مسترد کردئیے

اتوار 26 ستمبر 2021 18:35

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2021ء) جمعیت علما اسلام ضلع کوہاٹ نے بھی میدان میں اتر کر تعلیمی بورڈ کوہاٹ کی جانب سے میٹرک و انٹر کے نتائج مسترد کردئیے اور چیئرمین تعلیمی بورڈ کوہاٹ سمیت سیکریسی ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ داروں کو فوری طور پر برطرف اور موجودہ امتحانی نتائج کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کردیا۔ اس ضمن میں اتوار کے روز جمعیت علما اسلام ضلع کوہاٹ کا ایک اہم اجلاس ضلعی سیکرٹریٹ سیٹھ سیف اللہ خان مارکیٹ میں مولانا عبد الرحیم کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں جمعیت علما اسلام کے صوبائی رہنما و سابق ضلع ناظم کوہاٹ گوہر سیف اللہ خان سمیت مقامی رہنماں نے شرکت کی۔

اجلاس میں کوہاٹ تعلیمی بورڈ کی جانب سے حالیہ میٹرک و انٹر نتائج میں مبینہ خرد برد کرنے اور من پسند نتائج تیار کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور طلبا و طالبات کے مستقبل سے کھیلنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ضلعی امیر مولانا عبدالرحیم، سابق ضلع ناظم کوہاٹ گوہر سیف اللہ خان اور دیگر اراکین نے چیئرمین نیب اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سے مطالبہ کیا کہ موجودہ نتائج کو فی الفور واپس لینے، تعلیمی بورڈ کے چیئرمین سمیت سیکریسی ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ داروں کے خلاف انکوائری کرکے انہیں فی الفور برطرف کیا جائے اور امتحانی ڈیوٹیوں سے لے کر امتحانی ہالوں میں ہونے والی مبینہ بے قاعدگیوں اور پھرنتائج میں ہونے والی کوتاہیوں کا پردہ چاک کیا جائے بصورت دیگر کوہاٹ سمیت صوبہ بھر کے بارہ لاکھ سے زائد طلبا و طالبات کے مستقبل کی خاطر سڑکوں پر آنے سے گریز نہیں کریں گے۔

انہوں نے نتائج پر نظر ثانی کرنے اور ازسرنو پرچے چیک کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے موجودہ نتائج کو مسترد کردیا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں