محرم الحرام کے دوران قیام امن اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، کمشنر کوہاٹ، ڈی آئی جی کوہاٹ، بریگیڈیئر 73 بریگیڈ اور دیگر افسران

جمعرات 4 اگست 2022 17:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اگست2022ء) کمشنر کوہاٹ ڈویژن محمدجاوید مروت اور ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طاہر ایوب نے ضلع کرم کا دورہ کیا اور محرم الحرام میں قیام امن اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے گورنر کاٹیج پاراچنار میں منعقدہ امن جرگے میں شرکت کی۔امن جرگے میں بریگیڈیئر 73 بریگیڈ ثاقب گلزار، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم ارباب شفیع اللہ، ڈپٹی کمشنر واصل خٹک، کمانڈنٹ کرم ملیشیاء آمین الحق، 72 بلوچ کے کرنل حماد اور ضلع کرم کے مشران نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

امن جرگے سے کمشنر کوہاٹ، ڈی آئی جی کوہاٹ، بریگیڈیئر 73 بریگیڈ اور دیگر افسران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران قیام امن اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

ہم سب کو مل جل کر معاشرے میں امن و آمان کے قیام، علاقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے نیک نیتی سے کام کرنا ہوگا اور ایک دوسرے کا دست و بازو بن کر صبر و برداشت اور تحمل سے کام کرنا ہوگا۔

محرم الحرام کے مقدس مہینے میں اتحاد و یگانگت اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے ہم سب پر اپنے منصب کی رو سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کے ذریعے ملک دشمن عناصر کے تخریب کاری کے مذموم عزائم کو بروقت ناکام بنانا ہوگا۔ضلع کرم کے اکابرین نے امن وآمان کے قیام کیلئے ضلعی پولیس، انتظامیہ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

امن جرگے میں کوئٹہ ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید پاک فوج کے افسران کی روح کے ایصالِ ثواب کیلئے حصوصی دعائیں مانگی گئیں۔کمشنر اور ڈی آئی جی نے گورنر کاٹیج میں پودے بھی لگائے۔ آخر میں گورنر کاٹیج سے علاقائی مشران نے کرم پولیس، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کے افسران کے زیر نگرانی سنی مسجد اور مرکزی امام بارگاہ پاراچنار تک پیدل واک کیا اور محرم کے مقدس مہینے میں آپس میں اتحاد و اتفاق کے ذریعے ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے کرم پولیس، ضلعی انتظامیہ، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کیا۔

بعد ازاں کمشنر و ڈی آئی جی کوہاٹ ڈویژن نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ساتھ محرم الحرام کے حوالے سے ایک خصوصی میٹنگ کا انعقاد بھی کیا۔میٹنگ میں محرم کے دوران حفاظتی انتظامات اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں