کوہاٹ ،پی ٹی آئی کے عہدیداروں اورکارکنوںکے مابین ضلعی تنظیم سازی پر اختلافات کھل کر سامنے آگئے

تحصیل لاچی کے نو منتخب تحصیل میئر نے پارٹی فیصلے کے خلاف علم بغاوت بلندکرتے ہوئے باغی ہونے کااعلان کرکے نئی کابینہ کی تشکیل کے فیصلے کو مسترد کر دیا

اتوار 7 اگست 2022 19:05

کو ہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2022ء) کوہاٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عہدیداروں اورکارکنوںکے مابین ضلعی تنظیم سازی پر شدید اختلافات کھل کر سامنے آگئے جہاں تحصیل لاچی کے نو منتخب تحصیل میئر نے پارٹی فیصلے کے خلاف علم بغاوت بلندکرتے ہوئے باغی ہونے کااعلان کرکے نئی کابینہ کی تشکیل کے فیصلے کو مسترد کر دیا ۔

معلومات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبائی صدر پرویزخٹک نے تنظیم سازی کرتے ہوئے گزشتہ روز ضلع کوہاٹ کے لئے 33 عہدیداروں پر مشتمل ضلعی کابینہ کی تشکیل کا اعلامیہ جاری کردیا جس میں موجودہ ایم پی اے ضیاء اللہ بنگش صدر‘ سید عامر شاہ جنرل سیکریٹری‘ تین سنیئر نائب صدور بشمول سابق ایم پی اے امتیاز شاہد قریشی‘ ملک اقبال اور ملک عاطف خان‘ پانچ نائب صدور‘ چار ڈپٹی جنرل سیکریٹریز‘ایک جائنٹ سیکرٹری‘پانچ ایڈیشنل سیکریٹریز اور کئی دیگر عہدیدارشامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس تنظیم سازی پر تحصیل لاچی کے منتخب میئرمحمد احسان سیخ پا ہوئے جنہوں نے گزشتہ روز اپنی ناراضگی کا برملا اظہارکرتے ہوئے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واضح طورپر کہا کہ وہ اور پارٹی کے دیگر کارکن اس یکطرفہ فیصلے کو یکسر مستردکرتے ہیں ۔ احسان نے پارٹی فیصلہ کے خلاف علم بغاوت بلند کرتے ہوئے باغی ہونے کا اعلان بھی کیا۔تحصیل میئر نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے تنظیم سازی میں اٴْن سے کوئی مشاورت نہیں کی اورتحصیل میئر ہونے کے باوجود انہیں اور تحصیل لاچی کے دیگر پارٹی کارکنوں کو اہمیت نہیں دی اور ضلعی کابینہ میںنمائندگی نہیں دے کر نظرانداز کردیا۔

احسان نے اپنے اس عزم کا اظہار کیاکہ وہ اس ناانصافی پر پارٹی کے سربراہ عمران خان اور صوبائی صدر پرویزخٹک سے ملاقات کرکے شکایت کریں گے اور مقامی طورپرپارٹی کو ہائی جیک کرنے والوں کے خلاف اپنے کارکنوں کے ہمراہ میدان میں نکلیں گے ۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں