عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف کوہاٹ ‘ کرک اور ہنگو میں سینکڑوں مشتعل کارکنوں کا احتجاج

مشتعل کارکنوں نے انڈس ہائی وے کئی مقامات پربند کرکے ہرقسم کی ٹریفک بلاک کردی

منگل 14 مارچ 2023 20:35

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2023ء) پاکستان تحریک انصاف کی ہدایت پر پارٹی کے سربراہ عمران خان کی ممکنہ گرفتاری اور زمان پارک پر پولیس دھاوا کے خلاف کوہاٹ ‘ کرک اور ہنگو اضلاع میں سینکڑوں مشتعل کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کردیئے ،مشتعل کارکنوں نے انڈس ہائی وے کئی مقامات پربند کرکے ہرقسم کی ٹریفک بلاک کردی ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کی شام کوہاٹ میں پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری عامرشاہ کی قیادت میںپی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکن شہر کے وسط میں واقع کچہری چوک میں پرامن احتجاج ریکارڈ کے لئے نکل گئے اورعمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف امپورٹڈ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔اس موقع پرخواتین کی بڑی تعداد بھی موجودتھی۔ ضلعی قیادت مشتعل کارکنوں کو پرامن رہنے اور کسی بھی گڑبڑ سے روکنے کی تلقین کرتے رہے۔

(جاری ہے)

بعدازاں پی ٹی آئی کارکنوں نے یونیورسٹی چوک پہنچ کر انڈس ہائی وے پر احتجاجی دھرنا دے کر ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بندکردیا۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران پولیس افسروں کی قیادت میں پولیس موجودرہی۔بعدازاں ڈی پی او کوہاٹ شہزادہ عمرعباس بابر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پہنچ گئے اور انڈس ہائی وے کو یکطرفہ ٹریفک کے لئے کھول دیا۔ ادھر کرک سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کرک میں بھی پی ٹی آئی ضلعی قیادت عنایت اللہ اور دیگر کی سربراہی میں سینکڑوں کارکن نے احتجاج ریکارڈ کرانے کے لئے انڈس ہائی وے پر تنگوڑی چوک میں جمع ہوکر قومی شاہراہ کو ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بندکردیا جس کی وجہ سے کراچی اور دیگر جنوبی اضلاع کو صوبائی دارالحکومت پشاور سے ملانے والی قومی شاہراہ پر مال بردار اورچھوٹی بڑی مسافرگاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

قومی شاہراہ کی بندش سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔فوری طورپر کسی قسم کی گڑبڑ کی اطلاع نہیں ملی تاہم مشتعل کارکنوں اور پولیس کے مابین کشیدہ صورتحال رہی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں