کوہاٹ یونیورسٹی کے سامنے پولیس سٹیشن جرما پر نامعلوم دہشت گردوں کے یکے بعد دیگرے دستی بم حملے

بارودی مواد پھٹنے کے نتیجے میں پولیس اہلکار و رکشہ ڈرائیورسمیت 2 افراد زخمی ہوگئے ،حملہ آور فرارہونے میں کامیاب

جمعرات 16 مارچ 2023 23:12

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2023ء) کوہاٹ بنو ںروڈ پرواقع کوہاٹ یونیورسٹی کے سامنے پولیس سٹیشن جرما پر نامعلوم دہشت گردوں کے یکے بعد دیگرے دستی بم حملے اوربارودی مواد پھٹنے کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور رکشہ ڈرائیورسمیت 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کے مطابق گزشتہ شب تقریباًپونے آٹھ نامعلوم موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے کوہاٹ بنوں روڈ پرواقع کوہاٹ یونیورسٹی کے سامنے پولیس تھانہ جرما کی عمارت پرپہلے دستی بم پھینک کر حملہ کیا جو زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کی زدمیں آکر تھانہ کے مرکزی گیٹ کے باہر کھڑا رکشہ ڈرائیورطاہربادشاہ زخمی ہوگیا جبکہ پولیس محفوظ رہی تاہم تھوڑی دیر بعدجب پولیس اہلکار دھماکہ کی آواز سن کر باہر نکلے تو تھانہ کے باہر مٹی کے ڈھیر میں رکھا گیا بارودی مواد دھماکہ سے پھٹ گیا جس کی زد میں آکرپولیس اہلکارعمران زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

دونوںزخمیوں کو فوری طورپر ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اٴْن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے حملہ آور ں کے حملے کو پسپا کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی تاہم حملہ آور رات کی تاریکی کا فائدہ اٴْٹھاتے ہوئے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر جائے وقوعہ پہنچ گئے جبکہ پولیس نے واقعہ میں ملوث شرپسندوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے کوہاٹ میں مختلف پولیس تھانوں اور چوکیوں پر متعدد بار دستی بم پھینک کر حملے کئے گئے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں