پارہ چنار میں جشن نوروزشایان شان اور پرامن طریقے سے منایا گیا

منگل 21 مارچ 2023 22:41

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2023ء) قبائلی ضلع کرم کے صدر مقام پارہ چنار میں جشن نوروزشایان شان اور پرامن طریقے سے منایا گیا جہاں ہزاروں افراد کی موجودگی میں پرچم کشائی کی گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جشن نوروز کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب پارہ چنار شہر کے نواح میں واقع زیڑان میں علی زیارت کے مقام پر منعقد ہوئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقامی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ احاطہ زیات میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ واک تھرو گیٹ لگا کر زیارت میں آنے والے افراد کی باقاعدہ جامہ تلاشی لی جاتی رہی۔بم ڈسپوزل سکواڈ نے زیارت کے آس پاس اور ملحقہ قریبی راستوں کو کلئیر کردیاتھاجبکہ علی زیارت کے داخلی اور خارجی راستوں پر ضلعی پولیس فورس کے ساتھ پاک فوج کی بھاری نفری اور سول رضاکار اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

جشن نوروزکی تقریب میں ضلع بھر سے آئے ہوئے لوگوں کا جوش دیدنی تھا اور مقامی افراد خوشی کا اظہارکرتے رہے۔ تقریب میں ملک و قوم کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔روایت کے مطابق ہرسال پارہ چنار میں21 مارچ کو جشن نوروزمنایاجاتا ہے ۔جشن نوروز کے موقع پرخصوصی دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے جبکہ لوگ ایک دوسرے کے گھروں میں جاکر یہ دن مناتے ہیں۔ضلع کوہاٹ میں بھی جشن نوروز کے سلسلہ میں معروف صوفی بزرگ سید علی بادشاہ میاں کے دربار پر علم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر بڑی تعدادمیںعقیدت مندموجودتھے۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں