کوہاٹ، فائرنگ تبادلہ کے بعد ایک مزاحمت کار زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار

جمعہ 24 فروری 2017 20:06

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) کوہاٹ محمد زئی میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ تبادلہ کے بعد ایک مزاحمت کار کو زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر مقامات پرکاروائی میں 22 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ سرچ آپریشن کی کارروائی میں پولیس کو زیر حراست افراد کے قبضے سے اسلحہ و منشیات بھی ملے ہیں۔

دہشتگردی کی حالیہ لہر کے پیش نظرایس پی آپریشنز کوہاٹ طارق محمود کی خصوصی ہدایت پر شہر اور مضافات کے علاقوں میں مشتبہ دہشتگردوں،اشتہاری مجرمان انکے سہولت کاروںاور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف پولیس کا سرچ اینڈسٹرائیک آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔اس سلسلے میں جمعہ کی علی الصبح تھانہ چھائونی کی حدود میں واقع کوہاٹ ہنگو روڈ کے علاقہ محمدزئی میں انٹیلی جنس معلومات پر ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران پولیس کی بھاری نفری نے ایس ایچ او تھانہ چھائونی انسپکٹر محمد علی کی قیادت میں ایک مکان پر اچانک چھاپہ مارا جہاںموجود مسلح شخص نے مزاحمت شروع کرکے فرار ہونے کی کوشش کی جسے فائرنگ تبادلہ کے بعدزخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق گرفتار مزاحمت کار کی شناخت امجد ولد مسلم ساکن محمد زئی کے نام سے ہوئی ہے جسکے قبضے سے ایک کلاشنکوف ،ایک رائفل اور مختلف بور کے درجنوں کارتوس برآمد کرلئے گئے ہیں۔پولیس نے بعد ازاں علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران مزید پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر چھان بین کیلئے تھانہ چھائونی منتقل کردیا ہے جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو ہسپتال داخل کرادیا گیا ہے۔

سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی اس کارروائی کے سلسلے میں مختلف تھانوں کی پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران سترہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر چار بندوق،دو رائفل،چھ پستول،مختلف قسم کے پانچ سو سے زائد کارتوس،چودہ چارجرز،ڈیڑھ کلو گرام چرس،ایک سو پچھتر گرام ہیروئن اور نو سو پنتیس گرام افیون برآمد کرکے اسلحہ ومنشیات رکھنے کے الزام میں گرفتاربعض افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرلئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں