کوہاٹ ‘ شکردرہ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن ‘ پندرہ مشتبہ افراد اسلحہ سمیت گرفتار

ہفتہ 25 فروری 2017 22:24

کوہاٹ ‘ شکردرہ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن ‘ پندرہ مشتبہ افراد اسلحہ سمیت گرفتار
کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء) کوہاٹ کے نواحی قصبہ شکردرہ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران پندرہ مشتبہ افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ایس پی آپریشنز کوہاٹ طارق محمود کی خصوصی ہدایت پر شہر اور دیہی علاقوں میں جاری سرچ اینڈسٹرائیک آپریشن کے تسلسل میں پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے نواحی قصبہ شکر درہ اور دریائے سندھ کے کنارے واقع آبادی میں تلاشی آپریشن کا انعقاد کرتے ہوئے چھاپہ مار کاروائیوںکے نتیجے میں پندرہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر ایک ایس ایم جی،دو رائفل،ایک ریپیٹر،چار پستول ،مختلف بور کے تین سو سے زائد کارتوس اور نو چارجرز برآمد کرکے قبضے میں لے لئے۔

سرچ آپریشن کی اس کاروائی میں پولیس کی بم ڈسپوذل سکواڈ،کھوجی کتوں کی ٹیم،خواتین پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کی صبح سے جاری سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران علاقے میں واقع تمام تعلیمی اداروںاور دیگر حساس تنصیبات کے علاوہ کرایہ کے گھروں کو بھی چیک کیا گیا اور مقامی پولیس کے پاس رجسٹریشن کئے بغیر کرایہ کے گھروں میں مقیم دو افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔آخری اطلاعات آنے تک پولیس کی تلاشی آپریشن کی کاروائی جاری رہی اور آپریشن زدہ علاقوں کی طرف آنے جانے والے راستوں پر ناکہ بندی کرکے گاڑیوں اور افراد کی سخت چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

متعلقہ عنوان :

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں