کمشنر کوہاٹ کاخیبر پختونخوا انڈر23-گیمز 2017کے انٹرڈسٹرکٹ ڈویژنل گیمز کا افتتاح

بدھ 1 مارچ 2017 22:09

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2017ء)کمشنر کوہاٹ ڈویژن مسرت حسین نے کہا ہے کہ کوہاٹ صوبے کے باصلاحیت لوگوں کا علاقہ ہے جس نے کھیلوں سمیت ہر شعبے میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے بہترین افراد پیدا کئے ہیں جس پر بلا شبہ ڈویژن بھر کے عوام کوفخر ہے۔انہوں نے کہا کہ انکی دلی خواہش ہے کہ اسی طرح کوہاٹ ہمیشہ ہر شعبے میں چمکتا دھمکتا ستارہ رہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روز کوہاٹ سپورٹس سٹیڈیم تین روزہ خیبر پختونخوا انڈر23-گیمز 2017 کے انٹرڈسٹرکٹ ڈویژنل گیمز کے رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنرکوہاٹ ا کمل خان خٹک، ڈ ائریکٹر سپورٹس طارق محمود ، اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ محمد عمیر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اقرار علی شا ہ خٹک ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرسکندر شا ہ ،اور مختلف کھیلوں سے وابستہ تنظیموں کے صدور اور کھلاڑی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹرسپورٹس طارق محمود نے کہا کہ کوہاٹ ریجن کی کارکردی دوسرے ریجن سے کئی گنا بڑھ کر ہے اور امید ہے کہ اس ریجن کے کھلاڑی اگلے مرحلے میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔ کمشنر کوہاٹ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کھیلوں پر بھر پور توجہ ا س بات کی عکاسی ہے کہ نوجوان ٹیلنٹ کو پروموٹ کیا جائے خوشی اس بات کی ہے کہ کوہاٹ میں سپورٹس کمپلیکس کے لئے 17کروڑروپے کی خطیر رقم مختص کی جا چکی ہے جس میں ہاکی کے آسٹرو ٹرف اور فٹ بال گراوند کی تعمیر جمنازیم اور سویمنگ پول شامل ہیں جبکہ کمپلیکس کی تمام سڑکوں کی تعمیر و مرمت کرکے اس کی خوبصورتی میںا ضافہ کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی صوبائی حکومت ہے جس نے گیمز کے آغاز سے قبل کھلاڑیوں کی شرکت یقینی بنانے کیلئے آگاہی مہم چلائی اورریجن بھر کے کھلاڑیوں کو شرکت کرنے کا پورا موقع فراہم کیا اور کھلاڑیوں نے بھی انتہائی جوش و خروش سے ان گیمز میں شرکت کرکے واضح کر دیا کہ وہ کسی سے کم نہیں اور وہ اپنی صلاحیتوں کے بل بو تے پر آگے کے منازل کامیابی سے طے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وقت کے بہتر استعمال کیلئے زیادہ سے زیادہ کھیلوں کا انعقاد ضروری ہے اور جب تک ہمارے کھیلوں کے میدان آباد ہونگے تو مثبت سوچ پروان چڑھے گا، معاشرے سے دہشت گردانہ اور انتہا پسندانہ سوچ کا خاتمہ جبکہ نئی نسل کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔قبل ازیں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے شرکاء کے پرجوش نعروں اور تالیوں کی گونج میں فیتہ کاٹ کر باقاعدہ طورپر کوہاٹ ریجن گیمزکا افتتاح کیا۔کوہاٹ،کرک اور ہنگو کے کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ پیش کیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کو شیلڈز بھی دئیے گئے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں