کوہاٹ ،لیاقت میموریل ہسپتال میں نوجوان مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے جان کی بازی ہار گیا

بدھ 15 ستمبر 2021 23:51

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2021ء) کوہاٹ شہر کے وسط میں واقع لیاقت میموریل ہسپتال میں ایک نوجوان مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ لواحقین نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کرتے ہوئے سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردی۔ لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ بدھ کے روز کوہاٹ شہر کے ایک 35 سالہ نوجوان کو لیاقت میموریل ہسپتال لایا گیا جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر اور عملہ نے مریض کو انجکشن لگایا جس پر مریض کی حالت خراب ہونا شروع ہوئی تو انہیں کہا گیا کہ وہ مریض کو ڈویڑنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہاٹ منتقل کردیں۔

ورثا نے جیسے ہی ایمبولینس کا انتظام کیا کہ اس دوران ڈیوٹی پر موجود عملہ نے بتایا کہ مریض جاں بحق ہوگیا ہے۔ ورثا نے ڈیوٹی پر موجود ہسپتال عملہ پر الزام لگایا کہ انہوں نے مریض کو غلط انجکشن لگایا جس کی وہ سے وہ دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

متوفی کے ورثا نے میموریل ہسپتال کے باہر مرکزی سڑک پر لاش رکھ کر احتجاج شروع کیا اور ہر قسم کی ٹریفک کے لئے ٹریفک بلاک کردی۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی آپریشن پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پہنچ گئیاور لواحقین کے ساتھ مذاکرات کئے۔ ایس پی نے لواحقین کو ہر قسم کے تعاون اور واقعہ کی خود شفاف انکوائری کرانے کی یقین دہانی کرائی جس پر لواحقین نے اپنا احتجاج ختم کردیا اور سڑک ٹریفک کے لئے کھول دی۔ اس ضمن میں فوری طور پر ہسپتال انتظامیہ کا موقف معلوم نہیں ہوسکا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں