ڈی ایس پی ہیڈ کواٹرز جہانزیب خان کا ٹریڈ یونین، ٹرانسپورٹرز اور ٹائیگر فورس کے ساتھ اجلاس

جمعرات 4 جون 2020 20:45

کوہستان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) ڈی ایس پی ہیڈ کواٹرز جہانزیب خان اور ایس ایچ او تھانہ کمیلا نور نبی شاہ نے ٹریڈ یونین، ٹرانسپورٹرز اور ٹائیگر فورس کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر جہانزیب خان اور ایس ایچ او کمیلا نور نبی شاہ نے ٹریڈ یونین، ٹرانسپورٹرز اور ٹائیگر فورس کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں پولیس کی طرف سے کورونا وائرس سے بچائو کیلئے ’’نو ماسک نو پیڑول‘‘ اور ’’نو ماسک نو انٹری‘‘ مہم کے بارے میں آگاہ کیا۔

میٹنگ کے وران ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر جہانزیب خان نے شرکاء میٹنگ کو آگاہ کیا کہ تمام ڈرائیور حضرات اور دکانداروں کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ خود بھی ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں اور بغیر ماسک کے آنے والے کسی بھی مسافر کو گاڑی میں داخلہ کی اجازت نہ دیں، نہ ہی کسی گاہک کو دکان میں آنے کی اجازت دیں، گاڑی کی سیٹ پر تین سے زائد افراد کے بیٹھنے پر پابندی ہو گی، تمام مسافر سوشل ڈسٹنس کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی ہیڈ کواٹرز نے کہا کہ کوئی ڈرائیور یا دکاندار اگر ان ہدایات پر عمل درآمد نہیں کرے گا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ میٹنگ کے تمام شرکا نے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔

کوہستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں