کوہستان میں غیرت کے نام پر پولیس اہلکار اور کم عمر لڑکی قتل

قتل ہونے والے دونوں افراد کا تعلق ایک ہی قبیلے سے ہے، دونوں قریبی عزیز بھی تھے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 31 جولائی 2021 16:14

کوہستان میں غیرت کے نام پر پولیس اہلکار اور کم عمر لڑکی قتل
کوہستان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جولائی 2021ء) : صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع اپر کوہستان میں ایلیٹ فورس کے ایک اہلکار اور ایک کم عمر لڑکی کو قتل کردیا گیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اپر کوہستان میں پولیس اہلکار اور ایک کم عمر لڑکی کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دور دراز علاقے وادی سُپٹ میں قتل ہونے والے دونوں افراد کا تعلق ایک ہی قبیلے سے ہے اور دونوں کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ قریبی عزیز بھی تھے۔

مقامی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او سخاوت خان کے مطابق واقعے کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس نفری روانہ کر دی گئی ۔ پولیس پارٹی پیدل علاقہ کی طرف روانہ ہوئی اور وہاں سے کسی قسم کی مزید معلومات ملنے میں دو یا تین دن لگ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

مقامی پولیس اسٹیشن نے بھی قتل کی تصدیق کی اور بتایا کہ انہیں جمعرات کو یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ مانسہرہ ایلیٹ فورس میں خدمات انجام دینے والے اہلکار قاسم شاہ کو قتل کیا گیا اور اسی دن اس علاقے میں ایک کم عمر لڑکی بھی قتل ہوئی۔

سخاوت خان کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکار کی قتل کی وجہ کے بارے میں ابھی کچھ زیادہ معلومات دستیاب نہیں ہیں، تاحال واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا، مقدمہ پولیس پارٹی کی واپسی پر ہی درج ہو گا۔ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر داسو افتخار سواتی نے کہا کہ دوہرے قتل کا واقعہ پولیس کے نوٹس میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اس واقعہ کی تفتیش میرٹ پر کرے گی اور ملوث افراد کسی بھی صورت میں بچ نہیں سکیں گے۔

بی بی سی کے مطابق وادی سپٹ سے مقامی لوگوں نے بتایا کہ دہرے قتل کا واقعہ 27 جولائی کی دوپہر تقریباً تین بجے پیش آیا تھا۔ مقامی افراد کے مطابق مبینہ طور پر پہلے لڑکی کو اس کے گھر میں قتل کیا گیا اور اس کے بعد قاسم شاہ، جو کہ اپنے گاؤں میں کسی اور جگہ پر بیٹھے تھے، انہیں وہاں قتل کیا گیا۔ مقامی افراد کے مطابق مبینہ طور پر قاسم شاہ پر کلاشنکوف کی گولیوں کا پورا برسٹ فائر کیا گیا، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق واقعے کے بعد قاتل نے وہاں پر اکٹھے ہونے والے لوگوں سے مبینہ طور پر کہا کہ قاسم شاہ ان کا ''چور'' تھا۔ واضح رہے کہ کوہستان میں ''چور'' کی اصطلاح اُن کے لیے استعمال ہوتی ہے جن کا تعلق کسی بھی غیر محرم کے ساتھ ہوتا ہے۔

کوہستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں