اپر کوہستان ، ڈی ایس پی سرکل کی بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق بارےاجلاس ، ہتھیار، آتش بازی ،ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی

منگل 29 مارچ 2022 14:53

اپر کوہستان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2022ء) اپر کوہستان میں ڈی ایس پی سرکل شتیال غلام محمد خان کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق  بارے اجلاس  منعقد ہوئی، جس میں ایس ایچ او سازین سیف الرحمن اور ایس ایچ او ہربن جہانزیب خان سمیت سیاسی جماعتوں کے نامزد  اور آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران  بلدیاتی الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر تفصلی تبادلہ خیال کیا گیا  اور امیدوارں کی جانب سے مختلف امور سےمتعلق تجاویز بھی نوٹ کی گئیں۔

اجلاس  سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی غلام محمد خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے الیکشن کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے فول پروف سکیورٹی  انتظامات کئے ہیں تاکہ امیدوار اور ووٹر اپنا آئینی حق اور ذمہ داری بہتر ماحول میں سرانجام دے سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ  بلدیاتی انتخابات کے دوران اور پولنگ ڈے پر کسی بھی قسم کے ہتھیار، آتشیں اسلحہ کے نمائش اور  آتش بازی کی اجازت نہیں ہو گی اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ  تمام پارٹی امیدوار اور کارکنان اپنے سپورٹرز کو ہدایات دیں کہ وہ الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز اور سپورٹرز کمپین کے دوران صبر و تحمل سے کام لیں اور بحث و تکرارسے گریز کریں، اپر کوہستان پولیس ہر قسم کے  حالات سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں اور اپنے فرائض منصبی ادا کرنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ  جہاں بھی امیدواروں اور عوام کو مسئلہ ہو وہ ان کے ذاتی  نمبر پر رابطہ کریں، آخر میں  انہوں نے تمام امیدواروں کا  میٹنگ میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ تمام امیدواران بلدیاتی الیکشن میں ضلعی انتظامیہ اور کوہستان پولیس سمیت تمام اداروں کے ساتھ تعاون کریں گے اور امن وامان برقرار  رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ میٹنگ میں شریک تمام امیدواروں نے الیکشن کے دوران ضلعی انتظامیہ، ضلعی پولیس اور دیگر تمام اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

کوہستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں