ڈی پی او اپر کوہستان کا تھانہ جالکوٹ میں کھلی کچہری کے دوران متعدد شکایات کے فوری ازالہ کا حکم

جمعرات 13 دسمبر 2018 13:42

کوہستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) ڈی پی او اپر کوہستان نے تھانہ جالکوٹ میں کھلی کچہری کے دوران لوگوں کی جانب سے کی جانے والی متعدد شکایات کے فوری ازالہ کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع اپر کوہستان کے تھانہ جالکوٹ میں ضلعی پولیس آفیسر راجہ عبدالصبور کے زیراہتمام عوام کو پولیس سے متعلق شکایات اور درپیش مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری کا نعقاد کیا گیاجس میں ڈی ایس پی اقرار خان، ایس ایچ او تھانہ جالکوٹ ساجد خان، علاقہ مشران اور عوام الناس نے شرکت کی۔

ڈی پی او اپر کوہستان راجہ عبدالصبور خان نے شرکاء کو کھلی کچہری کی اہمیت اور افادیت سے متعلق آگاہی دیتے ہو ئے کہا کہ کھلی کچہری کے ذریعہ آپ کے گھر کی دہلیز پر آپ کو درپیش مسائل اور پولیس سے متعلق شکایات کیلئے آزاد پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے اور ہر ایک شخص جس کو بھی ضلعی پولیس اپر کوہستان سے کوئی بھی شکایت یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلاروک ٹوک اپنا مسئلہ بیان کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

مولانا عبدالعزیز نے علاقائی مسائل سے ڈی پی او راجہ عبدالصبور خان کو تفصیلی آگاہی دی اور کہا کہ علاقہ جالکوٹ ایک بڑے رقبہ پر مشتمل ہے جس میں مزید چوکیات کی ضرورت ہے، پولیس گشت کے دائرہ کو وسیع کرنے اور جالکوٹ میں ہسپتال کے قیام اور پل کی ازسرنو تعمیر اور منشیات کا مکمل خاتمہ ضروی ہے۔ پرنس فضل حق نے ڈی پی او اپر کوہستان سے درخواست کی کہ لوئر کوہستان کے علاقہ کے رہائشی پولیس اہلکارر اپر کوہستان میں تعینات ہیں، ان کو لوئر کوہستان بھیج دیا جائے جس پر ڈی پی او اپر کوہستان نے موقع پر موجود سرکل ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو فوری طور شکایات کے حل کیلئے احکامات جاری کئے کہ عوامی مسائل کو مقدم رکھیں اور ان کے حل کیلئے فوری اقدامات کریں اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کی خاطر پولیس کی گشت کو بڑھا ئیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے کھلی کچہری کے شرکاء کو یقین دلایا کہ دیگر محکموں سے متعلق مسائل کے حل کیلئے محکموں کے سرابراہان کو کھلی کچہری کے اس پلیٹ فارم کے توسط سے آگاہ کیا جائے گا۔

کوہستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں