داسو ہائیڈرو پراجیکٹ پر کام کرنے والے 8 مزدور لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے

منگل 15 جنوری 2019 23:49

کوہستان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) داسو ہائیڈرو پراجیکٹ پر کام کرنے والے 8 مزدور لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق شاہراہ قراقرم پر داسو ہائیڈرو پراجیکٹ کے تعمیراتی کام زیرو پوائنٹ پر مزدوروں کی گاڑی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گئی جس کے نتیجہ میںگاڑی میں سوار 8 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے ہیں جن کی نعشیں پولیس اور مقامی افراد نے کئی گھنٹوں کے ریسکیو آپریشن اور بھاری مشینری کے ذریعہ نکالیں جن کو بعد ازاں داسو ہسپتال پہنچانے کے بعد ورثا کے حوالہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق جالکوٹ سے ہے، گاڑی داسو پراجیکٹ سائٹ سے کام کی چھٹی کے بعد مزدوروں کو لیکر داسو/ کمیلہ کی طرف آ رہی تھی کہ لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گئی۔ جاں بحق ہونے والو ں میں حجت میر ولد امیر، سون زر ولد صوبت رحمان، محمد غنی ولد وزیر کثیر، اعظم ریاض ولد محمد نادان، عبدالمالک ولد محمد خالد، ملوک شاہ ولد دائود، سیف الرحمن ولد منصور، شبیر احمد ولد دائود دشامل ہیں۔ واقعہ کے خلاف مقامی افراد اور ورثا ء نے کچہری چو ک میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے شاہراہ قراقرم کو بند کر دیا جبکہ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی نماز جنازہ چائنہ داسو پل پر ادا کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :

کوہستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں