اپر کوہستان پولیس نے چاند رات اور عیدالفطر کے حوالہ سے جامع سیکورٹی اور ٹریفک پلان تشکیل دیدیا

جمعرات 21 مئی 2020 20:26

اپر کوہستان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2020ء) اپر کوہستان پولیس نے چاند رات اور عیدالفطر کے حوالہ سے جامع سیکورٹی اور ٹریفک پلان تشکیل دیدیا۔ سیکورٹی کے حوالہ سے ضلع اپر کوہستان کو تین سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے،200 سے زائد پولیس افسران اور جوان ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ تمام ٹریفک سٹاف ڈیوٹی پر موجود رہے گا، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے بازاروں اور مارکیٹوں میں سفید کپڑوں میں بھی پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس آفیسر اپر کوہستان عارف جاوید کی جانب سے جاری ہونے والے چاند رات اور عید الفطر کیلئے جامع سیکورٹی پلان اور ٹریفک پلان کے مطابق اپر کوہستان پولیس نے ضلع کو تین سیکٹرز میں تقسیم کیا ہے، ہر سرکل کا انچارج ڈی ایس پی ہو گا، 200 سے زائد پولیس افسران اور جوان ضلع میں امن و امان کے قیام کو برقرار رکھنے سمیت عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او اپر کوہستان عارف جاوید نے تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں قائم کر کے چیکنگ کے عمل کو سخت کیا جائے، ضلع میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں اور ان میں موجود سامان کی مکمل چیکنگ کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کاروائیاں بھی جاری رکھی جائیں، چاند رات پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی اور ون ویلنگ جیسے خونی کھیل کی سخت ممانعت ہے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے تمام ڈی ایس پیز کو سختی سے تاکید کی کہ جس علاقہ سے بھی ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کے خلاف محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔

کوہستان میں شائع ہونے والی مزید خبریں