کوہلو میں محکمہ پی ایچ ای کی غفلت سے مختلف علاقوں میں پینے کا پانی ناپید ،شہری پانی کے بوند بوند کیلئے ترس گئے ، عوامی حلقوں کا نو ٹس لینے کامطالبہ

اتوار 21 نومبر 2021 19:30

کوہلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2021ء) ضلع کوہلو میں محکمہ پی ایچ ای کی غفلت اور لاپراہی کی وجہ سے ضلع کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں میں پینے کا صاف پانی ناپید ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شہری پینے کے پانی کے بوند بوند کے لئے ترس گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کوہلو کے مختلف علاقوں ٹائون،سٹی،پرانا ہسپتال ،کرم خان شہر،مری کالونی ،گاڑداوغ ،میر ہزار واڈ،نیصوبہ ،نیوکلی،ملک زئی سمیت مختلف علاقوں میں پینے کا صاف پانی محکمہ پی ایچ ا ی کی غفلت سے ناپید ہوگیا جس کی وجہ سے ناصرف گھروں میں خواتین کو بلکہ مساجد میں نماز یوں کو وضو کیلئے بھی شدید مشکلات درپیش ہیں شہریوں نے بتایا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ شہریوں کو پانی کی فراہمی میں ناکام ہوچکے ہیں ماہانہ لاکھوں روپے واٹر سپلائی مشینوں اور تنخواہیں وصول کرنے والے اہلکار منظر عام سے غائب ہیں جبکہ دفتر میں تالے ہیں جس سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے حال ہی میں حلقے کے صوبائی وزیر میر نصیب اللہ مری کے فنڈز سے کئی علاقوں میں بور اور واٹر سپلائی کے اسکیمات بھی فراہم کئے گئے تھے مگر اس کے باوجود محکمہ عوام کو پانی کی فراہمی میں ناکام ہیں اور عوام کو علم نہیں کہ وہ کس کے پاس اپنی شکایات لیکر جائیں شہریوں نے مزید بتایا کہ پانی کی عدم دستیابی پر وہ ماہانہ ہزاروں روپے کے واٹر ٹینکرز لانے پر مجبور ہیں جس سے ان کے ماہانہ بجٹ میں بے پناہ اضافہ ہورہا ہے حالانکہ کہ یہ حکومت اور محکمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں تک بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنائے کیونکہ ان ضروریات کے لئے عوام باقاعدہ ٹیکس دیتے ہیں مگر المیہ یہ ہے کہ یہاں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے اور عوام درپدر کی ٹوکریں کھانے پر مجبور ہیں کوہلو کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے صوبائی وزیر میر نصیب اللہ مری ،ڈپٹی کمشنر کوہلو سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ کی غفلت اور عوام کو درپیش مسائل کا فوری نوٹس لیکر متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں تک صاف پینے کے پانی کی فراہمی ممکن ہوسکے بصورت دیگر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے جس کے ذمہ دار متعلقہ محکمہ ہوگا ۔

کوہلو میں شائع ہونے والی مزید خبریں