سیلاب سے متاثرہ افراد میں ریلیف سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں،ڈپٹی کمشنر کوہلو

منگل 16 اگست 2022 16:31

کوہلو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2022ء) ڈپٹی کمشنر کوہلو قربان مگسی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد میں ریلیف سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں،105 متاثرہ خاندانوں میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے فراہم کیا گیا امدادی سامان تقسیم کیا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلیف کیمپ میں متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان کی تقسیم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔

اس موقع پر رسالدار میجر شیر محمد مری بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ سیلاب سے بلاول ٹائون ، کلی جمعہ خان ،اور اوریانی بُری طرح متاثر ہوئے ہیں ،لیویز کیو آر ایف ،پولیس اور ایف سی کے مددگار ٹیموں نے بروقت ریسکیو کا عمل شروع کرکے 255متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا ہے ،دو مختلف مقامات پر ریلیف کیمپ قائم کردیئے ہیں جہاں متاثرہ خاندانوں کو رہائش دی گئی ہے ریلیف کیمپ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تیار کھانا ، پینے کا صاف پانی اورراشن فراہم کیا جارہا ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے فراہم کردہ امدادی سامان 105متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کی گئی جس میں خیمے، واٹر کولر، رضائی،سلیپنگ بیگ اور کوکنگ آئٹمز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ریلیف کی سرگرمیوں میں ایف سی بلوچستان بھی ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ ہے ،ایف سی میوند رائفل کی جانب سے متاثرہ خاندانوں میں تیارکھانا تقسیم کیا جارہا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکیں بہہ جانے سے امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ درپیش ہے اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ بھرپور اقدامات اٹھانے کے لئے کوشاں ہے مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑین گے ۔

دوسری جانب گزشتہ چار دنوں سے کوہلو کا کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان سے زمینی رابطہ مکمل طور پرمنقطع ہے رابطہ سڑک مختلف مقامات پر بہہ جانے، لینڈ سلائیڈنگ اوربڑے بڑے پتھر سڑک پر گرنے سے ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے ۔تمبیلی،کالکانی سمیت دیگر علاقوں کا ضلعی ہیڈ کوارٹر سے زمینی رابطہ منقطع ہے رابطہ سڑکیں منقطع ہونے سے درجنوں متاثرین اب تک حکومتی امداد کے منتظر ہیں ۔\378

کوہلو میں شائع ہونے والی مزید خبریں