پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ نے آزاد کشمیر میں اقتدار کیلئے باری لگائیں، ملک اور عوام کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا،مراد سعید

کشمیر کو بدلنے کی باتیں کرنے والے کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنا چکے ہیں، مریض کو لے جانے کیلئے ایمبولینس کی جگہ گدھا گاڑی استعمال ہوتی ہے، ہم آزاد کشمیر کو لاڑکانہ نہیں بننے دیں گے، 25 جولائی کو آزاد کشمیر میں حقیقی تبدیلی کا سورج طلوع ہو گا، وفاقی وزیر کا خطاب

منگل 13 جولائی 2021 00:22

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2021ء) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ نے آزاد کشمیر میں اقتدار کیلئے باری لگائیں، ملک اور عوام کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا، کشمیر کو بدلنے کی باتیں کرنے والے کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنا چکے ہیں، مریض کو لے جانے کیلئے ایمبولینس کی جگہ گدھا گاڑی استعمال ہوتی ہے، ہم آزاد کشمیر کو لاڑکانہ نہیں بننے دیں گے، 25 جولائی کو آزاد کشمیر میں حقیقی تبدیلی کا سورج طلوع ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کوٹلی آزاد کشمیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ جب وزیراعظم عمران خان نے امریکہ کو للکارا اور اڈے دینے سے انکار کر دیا تو اگلے ہی روز پرچی والا اپنی سی وی لہراتے ہوئے امریکہ پہنچ گیا کہ ہمیں خدمت کا موقع دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دوسری طرف مریم نواز ہیں جو وزیراعظم عمران خان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کر رہی ہیں، ان سے پوچھتا ہوں کہ بتائیں کلبھوشن کی گرفتاری پر آپ کی اور آپ کے والد کی زبان کیوں بند رہی، مقبوضہ کشمیر میں جب اجتماعی قبریں دریافت ہو رہی تھیں اور جب کشمیری حریت پسند پاکستانی پرچم کا کفن سر پر باندھ کر پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے تھے اس وقت آپ مودی کو گھر پر بلا رہے تھے اور بھارتی وزیراعظم کو ساڑھیوں کے تحفے بھجوا رہے تھے، آپ نے مودی کی حلف برداری میں شرکت کے موقع پر کشمیری حریت رہنمائوں سے ملاقات کی بجائے بھارتی اداکارائوں سے ملنا پسند کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف بتائیں کہ انہوں نے کب کشمیریوں کا مقدمہ لڑا، پہلی بار کسی نے کشمیر پر بات کی ہے تو وہ عمران خان ہے، 54 سال بعد پہلی بار کشمیر عالمی فورم پر زیر بحث لایا گیا، عمران خان نے کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کی اور کشمیری عوام کا سفیر بن کر کشمیر کا مقدمہ لڑا۔ انہوں نے کہا کہ دوسری طرف پرچی والا کشمیر بدلنے کی باتیں کر رہا ہے، ان سے پوچھتا ہوں کہ آپ کیا کشمیر بدلو گے، آپ نے تو قائد کے شہر کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا، آپ کے صوبہ میں مریضوں کو اٹھانے کیلئے ایمبولینس کی جگہ گدھا گاڑی استعمال ہو رہی ہے، آپ کے گوداموں سے گندم، ہسپتالوں سے ڈاکٹر اور سکولوں سے فرنیچر غائب ہے، سندھ میں ہر سال بھوک سے 400 سے 500 بچے مر جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بھی ان کو عوام نے مسترد کیا اور ہم نے گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کئے اور 370 ارب روپے کا بجٹ گلگت بلتستان کو دیا، ہمارا کشمیری عوام سے وعدہ ہے کہ ہم کشمیر کو لاڑکانہ نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 25 تاریخ کو آزاد کشمیر میں حقیقی تبدیلی کا سورج طلوع ہو گا۔

کوٹلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں