سامان سے چھیڑچھاڑ کرنے پر مسافروں کو لہو لہان کر دیا گیا

زخمی مسافروں کو کوٹلی ستیاں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں طبی امداد دی گئی

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 21 جولائی 2018 17:27

سامان سے چھیڑچھاڑ کرنے پر مسافروں کو لہو لہان کر دیا گیا
کوٹلی ستیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی2018ء) ضلع باغ آزاد کشمیر سے راولپنڈی آنے والی کوسٹر نمبر 8096 گزشتہ دن سواریاں لے کر راولپنڈی آ رہی تھی دن 4 بجے کوٹلی ستیاں چشتی ہوٹل پر رکی، ایک ہی خاندان کے 18 افراد بمعہ خواتین اور بچوں کے سوار تھے جن کا سامان مذکورہ گاڑی کی چھت پر تھا. ہوٹل پر گاڑی سے اُترتے وقت دیکھا کہ دو تین افراد گاڑی کی چهت پر سامان سے چھیڑ چھاڑ کر رہے تھے جنہیں پوچھنے پر معلوم ہوا کہ ٹائیں ڈهلکوٹ پل سے کنڈکٹر نے سوار کیا تها.

جب سامان سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر بازپرس کی تو گاڑی عملہ، مذکورہ چهت سواروں نے لڑائی جھگڑا اور گالم گلوچ شروع کر دی.

(جاری ہے)

اسی اثناء میں چشتی ہوٹل کا عملہ جس میں ہوٹل مالک، تندور بائی اور دیگر ملازمین لوہے کے راڈ، کلہاڑی، ڈنڈے اور تندور کی سلاخیں اٹھائے حملہ آور ہو گئے. اور مسافروں کو لہو لہان کر دیا گیا. زخمی مسافروں کو کوٹلی ستیاں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں طبی امداد دی گئی جبکہ پولیس تھانہ نے مقامی لوگوں اور ہوٹل مالکان کی سیاسی اور علاقائی اجارہ داری کے باعث قانونی کارروائی کرنے سے معذرت کر لی.

آزاد کشمیر کے مسافروں کو اس کوٹلی ستیاں روڈ پر لوٹ لیا جاتا ہے اور مختلف حادثات کا شکار ہوتے ہیں. مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کہ روٹ کے گاڑی مالکان، ہوٹل مالکان ملی بھگت سے مسافروں کو لوٹ مار اور جان سے مارنے کی کارروائیوں میں ملوث ہیں. ایسے جرائم پیشہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنا اور مسافروں کو تحفظ فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے.

مسافروں کا کہنا ہے کہ ہم عوام علاقہ کشمیر سے گزارش کرتے ہیں کہ کوٹلی ستیاں والے راستے اور فخر کشمیر کوسٹر اڈے باغ کا بائیکاٹ کیا جائے کیونکہ یہ ملی بھگت سے مسافروں کو تنگ کرتے، عزتوں سے کھلواڑ کرتے اور بات کرنے پر لڑائی جھگڑے پر اتر کر مسافروں کا سفر دشوار کر دیتے ہیں. عوام کا کہنا ہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اکثر یہاں یہی واقعات ہوتے ہیں اور آخر میں ڈرا دھمکا کر صلح کے لیے مجبور کیا جاتا ہے. مذکورہ واقعہ میں مردوں پر تشدد اور خواتین کو زد و کوب کیا گیا ہے. مضروب مسافروں نے حکام بالا سے تعاون اور داررسی کی اپیل کی ہے اور عوام علاقہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ کوٹلی ستیاں روٹ کا بائیکاٹ کر کے اپنی جان، مال اور عزت کی حفاظت کی جائے.

کوٹلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں