کوٹلی میںزمانہ جاہلیت کی یاد تازہ،دیوتا بانڈیاں کے بااثر افراد نے بچوں کے سکول اوراہل خانہ کاپانی بھرنے کا راستہ بند کردیا

بااثر افراد کی طرف سے کیے جانے والے ظلم کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے ایس ایس پی کوٹلی کے حکم کے باوجود تھانہ کھوئی رٹہ کی پولیس ٹس سے مس نہ ہوئی

جمعہ 14 ستمبر 2018 14:25

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2018ء) کوٹلی میںزمانہ جاہلیت کی یاد تازہ،دیوتا بانڈیاں کے بااثر افراد نے بچوں کے سکول اوراہل خانہ کاپانی بھرنے کا راستہ بند کردیا،کھوئی رٹہ پولیس بھی اس بدکرداری میں’’ سہولت کار‘‘ بن گئی۔میاں مختار وغیرہ نے منصف یوسف پر تشدد کیا تو مستغیث نے مقدمہ درج کروا دیا جس کے ردعمل میں مسئولان نے منصف یوسف کے قبیلے کے بچوں کا سکول جانے اوراہل خانہ کا پانی بھرنے والا راستہ بند کردیا۔

راستہ بندش کے حوالے سے ایک مقدمہ پہلے ہی تحصیلدار کے پاس زیر کار ہے جس پرتاحال کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔بااثر افراد کی طرف سے کیے جانے والے ظلم کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے ایس ایس پی کوٹلی کے حکم کے باوجود تھانہ کھوئی رٹہ کی پولیس ٹس سے مس نہ ہوئی ۔

(جاری ہے)

سکول کے بچے اپنے والدین کے ساتھ انصاف کی تلاش میں ڈسٹرکٹ پریس کلب کوٹلی پہنچ آئے،ارباب اختیار سے ہاتھ جوڑکر ظالموں کے چنگل سے جان چھڑانے کی استدعا کی۔

گزشتہ دنوں کوٹلی کے نواحی موضع بڑالی کے علاقے دیوتا بانڈیاں کے دوگھرانے جن میں یونس ، یوسف جبکہ 6سکول کے بچے شامل تھے انصاف کی تلاش میں ایوان صحافت کوٹلی پہنچے جہاں اُنھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے علاقے کے بااثر افراد میاں مختار،میاں لطیف،میاں شاہ سوار،محمد ظہیر،غفار،رفاقت،افتخار اور اشتیاق نے ہمارے خاندان قبیلے کا جینا محال کر رکھا ہے۔

بااثر افراد نے 21جون 2018کو ہمارے بیٹے منصف یوسف پر تشدد کیا جس کی درخواست ہم نے تھانہ کھوئی رٹہ دی جس پر ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ ایف آئی آر میں نامزدملزمان میں سے چند ایک گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرون ملک فرار ہوگئے جبکہ کچھ کو پولیس نے گرفتار کیا جو اب ضمانت پر ہیں ۔ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد پہلے سے خفاملزمان پارٹی کھوئی رٹہ پولیس کی طرف سے مقدمہ کا چالان پیش کرنے پر ہمارے خاندان قبیلے سے مزیدخفاہو گئی اور ردعمل دیتے ہوئے ہمارا نہ صرف پانی بھرنے کا راستہ بلکہ ہمارے بچوں کے سکول جانے والا راستہ بھی بند کردیا۔

بااثر افراد کے اس عمل سے ہمارے خاندان والے محرم الحرام کے مہینے میں پیاسے ہیں اور ہمارے بچوں کی تعلیم کا بھی حرج ہورہا ہے۔بااثر افراد نے پہلے بھی ہماراراستہ بند کیا ہوا تھا جس کے حوالے سے تحصیلدار کے پاس ہمارا مقدمہ زیرکار ہے مگر تحصیلدار کی لیت ولعل کے باعث کارروائی آگے نہیں بڑھ پائی ہے۔یوسف اور یونس نے بتایا کہ ہم نے ایس ایس پی کوٹلی عرفان سلیم سے ملاقات کرکے اپنے اوپر ہونے والے ظلم کی داستان بیان کی تھی جس پر اُنھوں نے تھانہ کھوئی رٹہ کو فوری کارروائی کرنے کا سخت حکم دیا تھا لیکن کھوئی رٹہ پولیس جانے کیوں بااثر افراد کے خلاف حرکت میں نہیں آرہی۔

کھوئی رٹہ پولیس کا بااثر افراد کے خلاف کارروائی نہ کرنا ہمارے بچوں کے سکول اور اہل خانہ کا پانی بھرنے کا راستہ بھرنے کے عمل کی حوصلہ افزائی ہے جو کہ اس بدکرداری کی ’’سہولت کاری‘‘کے مترادف ہے۔ یوسف،یونس اور سکول کے بچوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے راستے واگزار کرواتے ہوئے بااثر افراد کے خلاف تحت قانون سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

کوٹلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں