ملک نواز کو35سال سے ووٹ دے رہے ہیںجس کے صلے میں اویس نوازکی طرف سے دھمکیاں مل رہی ہیں‘ عوام علاقہ پھٹ پڑے

کچھ لوگ ہمارا نام لیکر حبیب کریش پلانٹ کی بندش کا مطالبہ کر رہے ہیں ،ایسے لوگوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ‘اہل علاقہ ہلاں گوئی کے سیکڑوں افراد احتجاج کرتے پریس کلب پہنچ گئے

بدھ 19 ستمبر 2018 15:18

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) ملک نواز کو35سال سے ووٹ دے رہے ہیںجس کے صلے میں اویس نوازکی طرف سے دھمکیاں مل رہی ہیں، ہمیں کچھ ہوا تو ذمہ دار اویس نواز اور چیئرمین شاہپال ہونگے۔اہل علاقہ ہلاں گوئی کے سیکڑوں افراد احتجاج کرتے پریس کلب پہنچ گئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ہمارا نام لیکر حبیب کریش پلانٹ کی بندش کا مطالبہ کر رہے ہیں ،ایسے لوگوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔

ہمیں اور ایل خانہ کو حبیب کریش پلانٹ سے کسی قسم کی کوئی شکائت نہیں ہے۔ کریش پلانٹ کے مالک کی غریب پروری سے پورا علاقہ واقف ہے اور آج اُن کی اچھائی کی گواہی دینے لوگ یہاں پریس کلب آئے ہیں، چند ایک لوگ جو مخالفت کر رہے ہیں اُنھوں نے حبیب کریش پلانٹ کے مالک سے رقم اُدھار لی تھی اور واپسی کے تقاضہ پر وہ لوگ بلیک میلنگ پر اُتر ہیں جو کہ قابل مذمت اور قابل گرفت عمل ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ اہل علاقہ ہلاں گوئی کے سینکڑوں لوگ معززین علاقہ عبدالعزیز،طارق نور،عبدالخالق،عامر زمان،ملک برکت حسین،کالو خان، محمد حسین ،کرامت حسین،شبیر شہزاد،اورنگزیب ملک،نوید ملک،رضوان خاقان اورعدنان خاقان کی قیادت میں ڈسٹرکٹ پریس کلب کوٹلی پہنچے۔باریش پزرگ عبدالعزیز نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے ہمیشہ ملک نواز خان کو ووٹ دیے ہیں مگر اُن کے بیٹے اویس نواز نے ہمیں دھمکیاں دیکر جو صلہ دیا ہے اُس کا دُکھ لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔

اُنھوں نے بتایا کہ علاقے کے دولوگ ایک پولیس کانسٹیبل آصف جو اس وقت کھوئی رٹہ تھانہ میں تعینات ہے اور چیئرمین شاہپال نے ہم تمام لوگوں کا نام استعمال کرکے عجیب کھیل شروع کر رکھا ہے جس سے پردہ اُٹھانے کے لیے آج ہمیں پریس کلب آنا پڑا۔اُن کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل آصف تو ہمارے لیے آئی جی بنا ہوا ہے اُس کے کرتوتوں بارے ایس ایس پی کوٹلی کو درخواست دی ہے دیکھنا ہے کہ وہ کیا ایکشن کرتے ہیں ۔

ان کے علاوہ علاقے کے چند لوگ جن میں سعید،مصطفی،رفاقت عرف کاکی،شفیق ،رمضان ،منیر اور کچھ لوگ بیرون ممالک ہیں جو ان لوگوں کی پشت پنائی کر رہے ہیں۔ جن لوگ کے نام بتائے ہیں ان کا مسئلہ یہ ہے کہ انھوں نے حبیب کریش پلانٹ کے مالک سے قرضہ لے رکھا ہے جس کی واپسی کے مطالبہ پر یہ لوگ کریش پلانٹ بند کروانے کے لیے ہر طرح کے حربے استعمال میں لارہے ہیں۔

ہمارے علاقے میں موجود حبیب کریش پلانٹ قانون کے مطابق بنایا گیا ہے محکمہ ماحولیات کے وضع کردہ اصولوں کی مکمل پاسداری کی گئی ہے، آپ صحافی وہاں تشریف لائیں اگر کسی بھی زاویہ سے کریش پلانٹ غیر قانونی ثابت ہوجائے تو ہم اُسے اپنے ہاتھوں سے بند کروا دینگے مگر شر پسند عناصر کی بلیک میلنگ سے کسی کو اُس پلانٹ کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی بھی اجازت نہیں دینگے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملک نواز کا بیٹا اویس نواز بلا وجہ ان لوگوں کی حمائت کررہا ہے۔یہ لوگ کریش پلانٹ بند کروا کے اُس علاقے پر قبضہ کرنا چاہ رہے ہیں اور کچھ جگہوں پر تعمیرات بھی جاری ہیں جس کے متعلق ضلعی انتظامیہ کو اگاہ کیا جا چکا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حبیب کریش پلانٹ کا مالک غریب پرور ہے،کسی کی وفات ہوجائے تو قبر کے لیے مفت بلاک دیتا ہے، غریبوں کی خوشیوں غمیوں میں مالی معاونت کرتا ہے اور لوگ کو باوقت ضرورت قرض حسنہ بھی فراہم کرتا ہے۔

ایسے شخص کے خلاف ہم اہل علاقہ کا نام استعمال کرکے بلیک میلنگ کرنا قابل گرفت عمل ہے ،ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہونے چاہیے ،یہ لوگ جو الزامات لگاتے ہیں کہ کریش پلانٹ کے باعث علاقے میں پتھر توڑنے کے لیے بلاسٹ کیے جاتے ہیں اور اُن دھماکوں سے گھروں کو نقصان پہنچتا ہے سراسر غلط ہے۔ کوٹلی کے تمام صحافیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ علاقے میں تشریف لائیں اور اپنی آنکھوں سے نظارہ کرلیں۔مظاہرین نے ہاتھ اُٹھا کر حبیب کریشن پلانٹ اور اُس کے مالک کے حق میں اپنی حمائت کا یقین بھی دلایا۔

کوٹلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں