بوائز پوسٹ گریجویٹ کالج کوٹلی میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف

سرکاری فنڈز سے مبینہ طور پر 50لاکھ روپے سے زائد کی رقم جیبوں میں ڈال لی گئی‘سرکاری فنڈز میں خورد برد کی تحقیقات کیلئے کالج کے سینئر پروفیسرز پر مشتمل کمیٹی قائم

بدھ 24 اپریل 2019 15:17

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) گورنمنٹ بوائز پوسٹ گریجویٹ کالج کوٹلی میں مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوںکا انکشاف ہوا ہے‘ ادارے کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر قاسم بن حسن نے تعیناتی کے ساتھ ہی مبینہ کرپشن کا نوٹس لیا جس پر 20لاکھ روپے کی ابتدائی ریکوری ہوئی ہے‘ سرکاری فنڈز میں خورد برد کی تحقیقات کے لئے کالج کے سینئر پروفیسرز پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے‘ دوسری طرف مبینہ کرپشن میں ملوث افراد نے خود کو بچانے کے لئے ہاتھ پائوں مارنا شروع کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ بوائز پوسٹ گریجویٹ کالج کوٹلی میں گزشتہ کچھ عرصے سے سرکاری فنڈز میں بڑے پیمانے پر خورد برد کا سلسلہ جاری تھا 50لاکھ روپے سے زائد کی رقم مختلف شعبوں کے فنڈز سے جیبوں میں ڈال لی گئی۔

(جاری ہے)

کالج میں بطور پرنسپل تعیناتی کے فوری بعد پروفیسر ڈاکٹر قاسم بن حسن کو کالج کے امور سے متعلق مجموعی بریفنگ دی گئی جس میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے بھی آگاہ کیا گیا جس پر ڈاکٹر قاسم نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے سرکاری فنڈز کو جیبوں کی نذر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا تو اس کے ساتھ ہی بیس لاکھ روپے برآمد کرلئے گئے۔

جبکہ باقی خورد برد کی گئی رقم کی ریکوری کے لئے کالج کے سینئر پروفیسرز پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو سرکاری ریکارڈ کی روشنی میں جانچ پڑتال کررہی ہے۔ یہ آڈٹ کمیٹی اپنی سفارشات پر مبنی رپورٹ پرنسپل کو پیش کرے گی جس کی روشنی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔ کالج ذرائع کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر قاسم کی کوشش ہے کہ سرکاری فنڈز کی مکمل ریکوری کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی سرکاری فنڈز کو اپنی جیبوں میںڈالنے کی جرات نہ کر سکے۔

متعلقہ عنوان :

کوٹلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں