میں کوٹلی کا بیٹا ہوں اور اپنی استطاعت کے مطابق اپنے علاقے میں بہتری لانے کی بھرپور کوشش کرتا ہوں‘میئر آف لیوٹن طاہر محمو دملک

پیر 14 اکتوبر 2019 14:19

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2019ء) میئر آف لیوٹن طاہر محمود ملک کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ،کہتے ہیں ضلعی شفاء خانے میں بستروں اور سٹاف کے اضافے کے حوالے سے وزیر اعظم آزاد کشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان سے بات کروں گا۔محدود وسائل کے باوجود بہتر کارکردگی،ہسپتال انتظامیہ اطمینان بخش کارکردگی پر مبارک باد کی مستحق ہے۔

میں کوٹلی کا بیٹا ہوں اور اپنی استطاعت کے مطابق اپنے علاقے میں بہتری لانے کی بھرپور کوشش کرتا ہوں، بیرون ممالک ہماری کمیونٹی نے اپنی محنت اور لگن سے مقام بنایا ہے،میرا لیوٹن کا میئر بننا پوری کمیونٹی کا کریڈٹ ہے۔ میئر آف لیوٹن کو میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نصراللہ خان نے ہسپتال کے حوالے سے بریفنگ دی اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات چلڈرن نرسری وارڈ، ڈائیلاسز سنٹر اور لیبارٹری کا وزٹ بھی کروایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر سلیم، ڈاکٹر نصراللہ خان، ڈاکٹر سجاد، ڈاکٹر شہزاد، سابق صدر پریس کلب کوٹلی زاہد آصف سلطان اور دیگر زعماء بھی موجود تھے۔ ایم ایس نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کوٹلی میں ضلع کوٹلی کے علاوہ ملحقہ دو اضلاع کے لوگ بھی علاج کے لیے آتے ہیں جنہیں واپس بھجوانے کے بجائے اُن کا علاج معالجہ کیا جاتا ہے۔ یہ بات درست ہے کہ دیگر اضلاع کے مریض آنے سے ہسپتال پر اضافی بوجھ پڑتا ہے تاہم انسانی خدمت کے پیش نظر ہسپتال کا پورا عملہ اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتا ہے مگر بستروں کی کمی کے باعث اکثر اوقات ہمارا خدمت کا یہ مشن سو فیصد نتائج نہیں دے پاتا۔

ایم ایس ڈاکٹر نصر اللہ نے بتایا کہ وزیر صحت نے ہمارے فنڈز میں اضافہ کر کے مالی مشکلات میں کمی لائی ہے جس پر ہم اُن کے شکر گزار ہیں، اب اگر بستروں میں اضافہ یا نیا ہسپتال بنا دیا جائے تو مریضوں کے اضافی بوجھ کے یہ مسئلہ بھی کافی حد تک حل ہو سکتا ہے۔ میئر آف لیوٹن طاہر ملک کا کہنا تھا کہ ہمیں سب معلوم ہے، میری ملاقات وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور گورنر پنجاب چوہدری سرور سے طے ہے۔ میں انشاء اللہ ہسپتال کے مسائل کے حوالے سے وزیر اعظم آزاد کشمیر سے بات کروں گا اور مجھے اُمید ہے کہ راجہ فاروق حیدر خان ان مسائل کے حل کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات اُٹھائیں گے۔

کوٹلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں